ضمنی الیکشن کا میدان خالی نہیں چھوڑنا چاہیے :علی محمد خان

ضمنی الیکشن کا میدان خالی نہیں چھوڑنا چاہیے :علی محمد خان

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے کہا کیسز میں جس جلد طریقے سے سزائیں دی جارہی ہیں ان کا سب کو پتا ہے ،ہمارے کیسز میں قانونی لوازمات کا خیال نہیں رکھا گیا۔

 رات کے دو اور ایک بجے تک کیسز کی سماعت چلتی رہی ،پاکستان کی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا، عجلت میں فیصلے سنا کر انٖصاف کا قتل کیا جارہا ہے ، جو بڑا افسوسناک ہے ،جن کو عوام نے منتخب کیا ہے ا ن کو نااہل کیا جارہا ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ٹونائٹ ود ثمر عباس میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا عمرا یوب، شبلی فراز، زرتاج گل،صاحبزادہ حامد رضا، احمد بھچر یہ صاحب الرائے اور باعزت سیاسی لوگ ہیں،ان سب کو جو سزائیں ملی ہیں کیا ان پر بنائے گئے کیسز درست ہیں؟، زرتاج گل کا تعلق ڈی جی خان سے ہے ، ان کا فیصل آباد کے کیس سے کیا تعلق بنتاہے ،اسی طرح عمرایوب کا تعلق ہری پور سے ہے ،ان کا فیصل آباد کے کیس سے کیا تعلق بنتاہے ؟، پارلیمانی پارٹی میں اکثر رہنماؤں نے کہا ہے ضمنی الیکشن میں حصہ لینا چاہئے ، جو ہمارے لوگ نااہل ہوئے ہیں وہ بھی کہہ رہے ہیں ہمیں الیکشن لڑنا ہے ،کیونکہ ہم اگر عوام میں جائیں گے تو عوام ہمیں دوبارہ منتخب کرکے ایوان میں بھیج دیں گے ،میری بھی یہی رائے کہ ہمیں الیکشن کا میدا ن خالی نہیں چھوڑنا چاہئے ،عمران خان کا درست موقف ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ عمران خان سے ہمارے رہنماؤں کی ملاقاتیں نہیں ہورہیں،ضمنی الیکشن میں جانے کیلئے عمران خان کوقائل کرنے کی کوشش کریں گے ،ٹکٹ کس کو دینا ہے اس کا فیصلہ عمران خان نے کرنا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں