بلوچستان: جعفر ایکسپریس پر پھر حملہ، ٹریک پر دھماکا، بوگیوں کو نقصان : ٹرین سروس معطل

بلوچستان: جعفر ایکسپریس پر پھر حملہ، ٹریک پر دھماکا، بوگیوں کو نقصان : ٹرین سروس معطل

کوئٹہ ،مستونگ (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نامہ نگار )بلوچستان میں چاروں صوبوں کو جوڑنے والی جعفر ایکسپریس پر پھر حملہ،مستونگ پر ریلوے ٹریک پر دھماکا سے ٹرین کا انجن اور 5 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں ، 4 مسافر معمولی زخمی ہوگئے۔

 دوسری طرف پاکستان ریلوے نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر بلوچستان سے اندرون ملک ٹرین سروس عارضی طور پر معطل کر دی ہے ، کوئٹہ آنے اورجانے والی جعفر اور بولان میل ایکسپریس کی سروس آج سے 3 روز 11، 13 اور 14 اگست کو معطل رہے گی ۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ ریلوے سٹیشن سے گزشتہ روز صبح 9بجے جعفر ایکسپریس پشاور کے لیے روانہ ہوئی اور جب ضلع مستونگ کے قریب پہنچی تو وہاں سپیزنڈ ریلوے سٹیشن کے ریلوے ٹریک پر دھماکا ہو گیا جس سے جعفر ایکسپریس کا انجن اور 5 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں،دھماکے میں 4 مسافر معمولی زخمی ہوئے ، تاہم ریلوے کی امدادی ٹیمیں اور ریلوے حکام موقع پر پہنچ گئے ۔ ریلوے حکام نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے ریلوے ٹریک پر آئی ای ڈی ڈیوائس سے دھماکا کیا ،جس سے جعفر ایکسپریس کا انجن اور 5 بوگیاں ڈی ریل ہو گئیں،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ وقوعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے ٹرین کو حفاظتی حصار میں لے لیا ، سکیورٹی کلیئرنس کے بعد تمام مسافروں کو ریلیف ٹرین کے ذریعے کوئٹہ پہنچا دیا جائے گا ۔ ادھر وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں، ریلوے اور سکیورٹی اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ چکیں ، امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ، جعفر ایکسپریس کے تمام مسافر محفوظ ہیں ،سکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد کوئٹہ سے ٹرین آپریشن شروع کیا جائے گا ۔واضح رہے دہشت گردوں نے چند روز پہلے بھی جعفر ایکسپریس کے ٹریک کو بم دھماکے کا نشانہ بنایا تھا۔اس سے قبل جعفر ایکسپریس کے پائلٹ انجن پر فائرنگ کی تھی۔اور اس سے قبل فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کرکے متعدد مسافروں کو شہید اورکئی کو یرغمال بنا لیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں