لاہور سے ملتان جانیوالی ٹرین کو بھی حادثہ، 4 مسافر زخمی

لاہور سے ملتان جانیوالی ٹرین کو بھی حادثہ، 4 مسافر زخمی

لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے، آئی این پی، مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور سے ملتان جانے والی ٹرین کو بھی حادثہ پیش آیا، رائیونڈ ریلوے سٹیشن کے قریب موسیٰ پاک ایکسپریس کے انجن سمیت 2 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، حادثے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔

ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، حادثے کے بعد پٹڑی پر آمد و رفت روک دی گئی۔حادثے کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ٹرین اوور شوٹ ہوئی تو ڈرائیور سے بروقت کنٹرول نہ ہو سکا اور سینڈ ہمپ پر چڑھ گئی۔ ٹرین کا انجن اور ایک کوچ سینڈ ہمپ پر جاکر ڈی ریل ہوئے ، نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے ۔ تحقیقاتی ٹیم نے رپورٹ سی ای او ریلوے کو پیش کر دی۔یاد رہے کہ ایک روز قبل رحیم یار خان میں پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس کی بھی 3 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں۔دوسری طرف بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ریلوے پٹڑی پر دھماکے سے جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اترنے پر متعدد مسافر زخمی ہوئے تھے۔

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )پاکستان ریلوے انتظامیہ کے مسافروں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے  کے دعوے ہوا ہو گئے ، جبکہ رواں ماہ گیارہ روز میں ٹرینوں کے پٹڑی سے اترنے کے 5 واقعات رپورٹ ہوئے ، جن میں متعدد مسافر زخمی اور ریلوے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔ تفصیلات کے مطابق خستہ حال پٹڑی اور ریلوے کی ناقص کارکردگی کے باعث ٹرینوں کے پٹڑی سے اترنے کے واقعات میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ۔رواں ماہ یکم اگست کو لاہور سے اسلام آباد جانے والی اسلام آباد ایکسپریس کو کالا شاہ کاکو کے قریب حادثہ پیش آیا جس میں 9 کوچز پٹڑی سے اتر گئیں۔ اگلے روز 2 اگست کو پاک بزنس ایکسپریس واشنگ لائن میں ڈی ریل ہوئی جبکہ 10 اگست کو پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس خان پور کے قریب ڈی ریل ہوئی۔11 اگست کو لاہور سے ملتان جانے والی موسیٰ پاک ایکسپریس رائیونڈ کے قریب پٹڑی سے اترگئی،ان حادثات میں متعدد مسافر زخمی ہوئے اور ٹرینوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا۔حادثات اور تاخیر کے باعث مسافروں کی تعداد میں بتدریج کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ کراچی جانے والی شاہ حسین ایکسپریس کو 28 جولائی سے تاحال روزانہ کی بنیاد پر منسوخ کیا جا رہا ہے جبکہ لاہور سے کراچی کے راستے میں جگہ جگہ انجینئرنگ ریسٹرکشنز لگی ہوئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں