باجوڑ میں ٹارگٹڈ آپریشن ، 3 روز کیلئے کرفیو نافذ، نقل مکانی جاری

باجوڑ میں ٹارگٹڈ آپریشن ، 3 روز کیلئے کرفیو نافذ، نقل مکانی جاری

باجوڑ(نیوزایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک)باجوڑ میں ٹارگٹڈ آپریشن کے پیش نظر 3 روز کیلئے کرفیو نافذ کردیا گیا، تمام مرکزی شاہراہوں پر صبح 11 بجے سے لیکر رات 11 بجے تک کرفیو کا اعلان کیا گیا۔۔۔

ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ 3 روزہ کرفیو کا دورانیہ 12 گھنٹے کیلئے ہو گا، تحصیل ماموند کے تقریباً 27 علاقوں میں 11 اگست کی صبح 11 بجے سے لیکر 14 اگست کی صبح 11 بجے تک مکمل کرفیو نافذ ہوگا۔ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ صبح 10:30 بجے تک اپنی سرگرمیاں ختم کر کے کرفیو کے دوران گھروں تک محدود رہیں، بصورت دیگر کسی ناخوشگوار واقعے کے ذمہ دار خود ہونگے ۔ کئی دنوں سے تحصیل ماموند سے کثیر تعداد میں لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے ، ضلعی انتظامیہ نے متاثرین کیلئے 107 سرکاری سکولز اور کالجز خالی کرد یئے ہیں، اس کے علاوہ سپورٹس کمپلیکس میں 450 ٹینٹس پر مشتمل کیمپ بھی قائم ہے ۔مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے واضح کیا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں کرفیو کی خبریں من گھڑت اور افواہیں ہیں، کرفیو صرف باجوڑ اور میرانشاہ کے مخصوص علاقوں تک محدود ہے ۔ افواہ ساز مافیا صوبے کا امن اور ترقی کے سفر کو خراب کرنا چاہتا ہے ، خیبرپختونخوا میں نقل و حرکت مکمل آزاد ہے ، تجارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں، عوام افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری معلومات پر اعتماد کریں۔سوشل میڈیا پر جھوٹ پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں