قائمہ کمیٹی:34ہزار سے زائد افسران کو قانونی تحفظ دینے کیلئے سول سرونٹ ایکٹ ترمیمی بل منظور
اسلام آباد(نیوز رپورٹر)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ نے کابینہ ذیلی کمیٹی کے تحت ملازمت پر مستقل ہونے والے 34 ہزار سے زائد افسران کو قانونی تحفظ دینے کیلئے سول سرونٹ ایکٹ 1973ترمیمی بل کی منظوری دے دی۔
کمیٹی نے مذکورہ بل قومی اسمبلی میں منظوری کے لیے بھجوا دیا ہے جو آئندہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا ، سید خورشید شاہ نے پروٹیکشن آف رائٹس ریگو لرائزڈ سول اینڈ ایمپلائز ایکٹ2024اسمبلی میں جمع کرایا تھا ، کابینہ کمیٹی کے منظور کردہ مذکورہ بل کے تحت کابینہ خصوصی کمیٹی کے تحت کنٹریکٹ ،،ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے کا آئینی تحفظ دیاجائے گا۔مذکورہ بل کے تحت خصوصی کابینہ کمیٹی کے فیصلے کے تحت ملازمت پر مستقل ہونے والے افسران کو کسی بھی ٹر بیونل، ہائی کورٹ ، سپریم کورٹ کے فیصلے اور ہدایات کے مطابق تحفظ اور استثنیٰ دیا جائے گا ۔ ترمیمی بل کے مطابق مذکورہ افسران کی سنیار ٹی کو ان کی ملازمت سے ریگولر ہونے کی تاریخ سے ہوگی۔ واضع رہے کہ سپریم کورٹ نے خورشید شاہ کمیٹی کے تحت ملازمت پر مستقل ہونے والے وزارتوں، ڈویژ نز اور محکموں کے 16 تا 19 گریڈ کے 34 ہزار سے ز ائد افسران کو فیڈرل پبلک سروس کمیشن کا امتحان دینے کا فیصلہ دیا تھا ، مذکورہ افسران کی اکثریت 12 سال سے گریڈ 17 تا 20 میں ترقی پا چکے ہیں۔