مون سون ساتواں سپیل شروع، پختونخوا میں گلاف الرٹ
اسلام آباد،لاہور(نیوز ایجنسیاں)ملک میں مون سون بارش کا ساتواں سپیل شروع ہوگیا، محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں بیشتر علاقوں میں بارشوں کی شدت بڑھنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آ ئندہ 24گھنٹوں میں اسلام آباد، پنجاب کے مختلف اضلاع، بالائی خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ 14تا 17اگست اسلام آباد، راولپنڈی،مری، چکوال ، اٹک، ایبٹ آباد، مانسہرہ، مظفرآباد، گلگت، سکردو اور گردونواح میں کہیں کہیں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے ۔ 17اگست سے مغربی ہواؤں کی شدت بارشوں کا سلسلہ مزید تیز کرے گی۔ 18تا 21اگست ملک کے بیشتر حصوں میں شدید بارشیں ہوں گی، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔ ادھر پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا میں آئندہ ہفتے تیز بارشوں کے امکان کے پیش نظر "گلاف الرٹ" جاری کر دیا۔ لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشہ کے پیش نظر چترال اپر، لوئر دیر، سوات اور اپر کوہستان کے عوام کو خاص طور پر محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔