احمد بھچر ،احمد چٹھہ اور جنید افضل کی نااہلی ،الیکشن کمیشن سے جواب طلب

 احمد بھچر ،احمد چٹھہ اور جنید افضل کی  نااہلی ،الیکشن کمیشن سے جواب طلب

لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ میں سابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر، ارکان اسمبلی احمد چٹھہ اور جنید افضل ساہی کی نااہلی کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔

جسٹس خالد اسحاق نے احمد خان بھچر ،احمد چٹھہ اور جنید افضل ساہی کی نااہلی اور ضمنی انتخابات روکنے کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر شہزاد شوکت نے موقف اختیار کیا کہ اے ٹی سی کورٹ نے نو مئی کے مقدموں میں سزائیں سنائیں ۔ الیکشن کمیشن نے سپیکر کا ریفرنس آئے بغیر ہی درخواست گزاروں کو نااہل قرار دے دیا جبکہ سپیکر خود کسی ممبر کو نااہل نہیں کر سکتا۔ دوران سماعت وفاقی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ ابھی ان حلقوں میں ضمنی الیکشن نہیں ہو رہا، ہمیں تیاری کے لیے آئندہ ہفتے تک کا وقت دے دیں ۔عدالت نے استفسار کیا کہ دو حلقوں میں شیڈول آچکا ہے اور کاغذات نامزدگی بھی جمع ہورہے ہیں عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا انکے فیصلوں میں لکھا گیا ہے کہ یہ لوگ اخلاقی بد دیانت ہیں، نااہل کرتے وقت الیکشن کمیشن دو لائنیں ہی لکھ دیتا کہ یہ اخلاقی بد دیانت ہیں لہذا نا اہل کر رہے ہیں ۔ عدالت نے مزید سماعت 18 اگست تک ملتوی کردی۔لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے ایم پی اے شیخ امتیاز محمود کی اسمبلی رکنیت معطل کرنے کے خلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔لاہور ہائیکورٹ نے شیخ امتیاز محمود کی درخواست پر سماعت کی،درخواست میں صوبائی حکومت اور سپیکر پنجاب اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے ،عدالت نے استفسار کیا کہ کیا سپیکر کی رولنگ پر عدالت مداخلت کر سکتی ہے ،کیا اسمبلی کنڈکٹ پر ہم مداخلت کر سکتے ہیں،درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ سپیکر کے آرڈر کے خلاف درخواست قابل سماعت ہے ،درخواست گزار نے صرف کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کی تھی،اسی بنا پر درخواست گزار کی آئندہ پندرہ اسمبلی اجلاس میں شرکت پر پابندی لگا دی ۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مجھے اسمبلی کارروائی کا کوئی علم نہیں،کیا کورم کی گنتی کرانا عدالت کا کام ہے ،درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ میں نے سپیکر کو خط لکھا کہ اجلاس میں شرکت پر پابندی کا آرڈر واپس لیں،عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں