متا ثرین کیلئے معاوضہ دگنا، نقصانات کا سو فیصد ازالہ کرینگے :گنڈاپور
پشاور (دنیا نیوز، اے پی پی ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کیلئے معاوضے دگنے کر دیئے ہیں، نقصانات کا سو فیصد ازالہ کریں گے ۔
علی امین گنڈاپور نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ 15 اگست سے شروع ہونے والے کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی بارشوں نے صوبے کے کئی اضلاع کو شدید متاثر کیا جن میں بونیر، سوات، شانگلہ، باجوڑ، مانسہرہ اور صوابی شامل ہیں۔ گنڈاپور نے کہا ہے کہ ریسکیو آپریشن کے بعد ریلیف سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا جن میں متاثرین ، ایک لاکھ 19 ہزار افراد تک پکا پکایا کھانا فراہم کیا گیا، 125 ٹرکوں پر امدادی سامان بھیجا گیا اور 70 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ، صوبائی حکومت نے معاوضوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ اموات کے معاوضے کو 10 لاکھ سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے فی کس، زخمیوں کے معاوضے کو ڈھائی لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے ، مکمل تباہ شدہ گھروں کا معاوضہ 10 لاکھ اور جزوی متاثرہ گھروں کا 3 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے ، انہوں نے بتایا کہ معاوضوں کی ادائیگی کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے اور اتوار تک تمام ادائیگیاں مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے ، ہم سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، جن کے گھر تباہ ہوئے انہیں دوبارہ گھر بنا کر دیں گے اور نقصانات کا سو فیصد ازالہ کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ اپنے بہنوں بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی بھی قسم کی مدد کی ضرورت ہوگی تو خیبر پختونخوا حکومت اس کے لیے حاضر ہے ۔