عمران خان سے کسی بھی رہنما کی ملاقات نہ ہوسکی

عمران خان سے کسی بھی رہنما  کی ملاقات نہ ہوسکی

راولپنڈی (خبر نگار )اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کسی بھی رہنما کی ملاقات نہ ہوسکی۔ اڈیالہ جیل پہنچنے والے رہنما واپس روانہ ہوگئے ۔

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے کوآرڈینیٹر پی ٹی آئی انتظار پنچوتھا نے 6 ناموں کی فہرست اڈیالہ جیل حکام کو بھجوائی تھی۔سینیٹر ذیشان خانزادہ، ایم این اے شاہد خٹک ،یوسف خان ،ارشد مایار اڈیالہ جیل فیکٹری ناکے پر پہنچے توپولیس نے روک لیا ۔ملاقات کا وقت ختم ہونے پر تمام رہنما ملاقات کے بغیر واپس روانہ ہوگئے ۔تحریک انصاف کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اس ملک میں جمہوریت ہے ، مارشل لا ہے یا کوئی اور قانون۔ یہ کب تک ظلم کریں گے ، کیا یہاں کوئی قانون ہے ؟ ۔ادھر انسدادِ دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 7 مقدمات میں دائر درخواست ضمانت بعد از گرفتاری سماعت کیلئے منظور کرلی اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے یکم ستمبر کو مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا ۔ عدالت میں یہ درخواستیں تحریک انصاف کے 26 نومبر اور 28 ستمبر کے پرتشدد احتجاج کے مقدمات میں دائر کی گئی ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں