مبینہ سیاسی دباؤ پر نہر مرالہ راوی لنک کا بند توڑ ا گیا

 مبینہ سیاسی دباؤ پر نہر مرالہ راوی لنک کا بند توڑ ا گیا

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )مبینہ سیاسی دباؤ ،نہر مرالہ راوی لنک کا بند توڑ کر نالہ ایک کا سیلابی ریلا نہر میں چھوڑ دیا گیا۔ پسرور ،نارووال اور واہنڈو کے مقاما ت پر اوور فلو ہونے کی بنا پر نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ۔

دریائے راوی میں طغیانی کے بعد نہر مرالہ راوی لنک کو پانی کی فراہمی ہیڈ مرالہ کے مقام سے روک دی گئی تھی اسی دوران نالہ ایک میں 50 ہزار کیوسک سے زائد کا سیلابی ریلا داخل ہوگیا جس سے کوٹلی مرلاں کے مقام سے نالہ ایک اوور فلو ہو جانے کے باعث سیلابی  پانی تحصیل ڈسکہ کے 25 سے زائد دیہات میں داخل ہوگیااور تباہی پھیلانا شروع کردی اور پانی کی سطح7سے 8فٹ بلند ہونا شرو ع ہو گئی جس پر مبینہ طور پر ضلعی انتظامیہ پر سیاسی دباؤ ہوا کہ نالہ ایک کے پانی کو نہر مرالہ راوی لنک میں بند توڑ کر شامل کردیا جائے او ر ڈسکہ او ر سمبڑیال کے درجنوں دیہات کو سیلاب سے بچایا جائے تاہم رات کی تاریکی میں ضلعی انتظامیہ سیاسی دباؤ برداشت نہ کرسکی اور نہر مرالہ راوی لنک کا بند توڑ کر نہر ایک کا پانی نہر مرالہ راوی لنک میں شامل کردیا۔نہر میں کنٹرولڈ پانی نہ چھوڑنے کی بناء پر نہر مرالہ راوی لنک پسرور کے علاقہ بن باجوہ اور نارووال کا علاقہ نہر ڈھیلی کے مقام سے اوور فلو ہوجانے کی بنا پر نہر کا پانی نشیبی علاقوں میں چلا گیا جس کی بنا پر پسرور، نارووال ،واہنڈو کے علاقے متاثر ہورہے ہیں۔ اس سلسلہ میں ایکسین مرالہ راوی لنک رئوف ذوالفقار سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ کسی سیاسی دباؤ پر بند نہیں توڑ ا گیا ، نالہ ایک کے سیلابی پانی کے دباؤ پر بند ٹوٹا اور نالہ ایک کا پانی نہر مرالہ راوی لنک میں شامل ہوگیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں