سیالکوٹ:نالوں پرغیر قانونی 300 عمارتوں کی مسماری کا فیصلہ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا)سیالکوٹ میں برساتی نالوں کے اطراف غیر قانونی طور پر قائم 300 سے زائد عمارتوں کا مسمار کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔۔۔
ضلعی انتظامیہ نے اعلیٰ سطح اجلا س میں فیصلہ کیا ہے کہ شہر سے گزرنے والے سیلابی نالوں ،نالہ ایک ،نالہ پلکھو اور نالہ بھیڈ کے اطراف میں شہریوں نے غیر قانونی طور پر300 سے زائد عمارتیں تعمیر کررکھی ہیں جن سے سیلابی پانی کے بہاؤ میں خلل پیدا ہوتا ہے ۔ مذکورہ علاقوں میں رنگ پورہ، نیکاپورہ، شجاع آباد، شفیع دا بھٹہ، کشنے والی، حاجی پورہ بن، محلہ اراضی یعقوب، دربری ملیاں، شتاپ گڑھا، محمد پورہ، نشاط پارک، پاک پورہ، ماڈل ٹاؤن، اعظم بلاک، جناح ٹاؤن، پکا گڑھا اور بھڑتھ بھوتھ شامل ہیں۔ ان مقامات پر غیر قانونی تعمیر کی گئی دکانوں ، گھروں، میرج ہالز، فیکٹری مالکان کو7دن کیلئے نوٹسز جاری کئے جائیں گے اور عملدرآمد نہ کرنے پر ہیوی مشینری کے ساتھ آپریشن کرکے عمارتوں کو مسمار کردیا جائیگا تاکہ آبی گزر گاہوں کے بہاؤ میں خلل کو ختم کیا جاسکے ۔