عوام کو بچانا پہلی ترجیح ،کسی بھی جگہ حفاظتی بند توڑنے میں مداخلت نہیں کی: مریم نواز
لاہور،جھنگ،اٹھارہ ہزاری(سٹاف رپورٹر، آئی این پی، نمائندہ دنیا)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا جھنگ کے سیلا ب متاثرہ علاقوں کا دورہ ، تحصیل اٹھارہ ہزاری میں سیلاب متاثرین کے ریلیف کیمپ میں بھی گئیں،ہیڈ تریموں بیراج جا کر پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے آخری فرد تک ریسکیو آپریشن کے دائرہ کار بڑھانے کی ہدایت کردی۔
علاوہ ازیں دورہ جھنگ کے دوران مریم نواز نے کہا ہے کہ آبادی کو سیلاب سے بچانا اور انسانی جانوں کو محفوظ رکھنا میری سب سے پہلی ترجیح ہے، مخالفین جھوٹا پروپیگنڈا کررہے ہیں کہ کسی کی فیکٹری کو بچایا گیا،کسی بھی جگہ حفاظتی بندتوڑنے کے ٹیکنیکل کام میں مداخلت نہیں کی، میں نے صرف جانیں بچانے کی ہدایت دی ہے ، اگر میری بھی فیکٹری ہو تو میں کہوں گی کہ آبادی کو بچائیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ جہاں مدد کی ضرورت ہے وہاں امداد پہنچائیں گے ، جھنگ کی محرومیاں ختم کریں گے ،اللہ تعالیٰ نے عوام کے تحفظ کی ذمہ داری دی، کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور، ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر اور پوری ٹیم نے بڑی محنت سے کام کیا، اپنی ٹیم پر فخر ہے ۔انہوں نے ریلیف کیمپ میں موجود لوگوں سے بات چیت بھی کی، خواتین اور بچوں میں گھل مل گئیں۔ قبل ازیں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنرجھنگ علی اکبربھنڈر نے بریفنگ میں بتایا کہ تریموں بیراج سے تاریخ کا سب سے بڑا ریلا گزرا، بروقت اقدامات سے ناصرف ملتان بلکہ دیگر علاقے بھی نقصانات سے محفوظ رہے ، جبکہ جھنگ میں سیلاب سے پہلے دو لاکھ 98ہزار آبادی کا انخلا ہوا۔
اسی طرح تقریباً ایک لاکھ 19ہزار مویشیوں کوسیلابی ریلے سے پہلے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، مویشیوں کے لئے چارہ وغیرہ دیا جارہا ہے ، ضلع میں سیلاب متاثرین کے لئے 21ریلیف کیمپ قائم، تقریباً 750 متاثرین مقیم ہیں، سیلاب سے جھنگ کے 181 موضع جات متاثرہ ہوئے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ آخری فرد تک ریسکیو آپریشن کے دائرہ کار بڑھایا جائے اور سیلاب متاثرین کی تلاش کے لئے ڈرون، تھرمل امیجنگ کیمرے اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال میں کیا جائے ۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب نے جھنگ کے فلڈ ریلیف کیمپ کے قریب فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا اور وہاں ادویات، سیلاب متاثرین کو علاج معالجہ کی فراہمی کے حوالے سے دریافت کیا۔ مریم نواز نے ریلیف کیمپ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اقدامات کا جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں مریم نواز نے تحصیل اٹھارہ ہزاری سیلاب متاثرین کے ریلیف کیمپ ،ہیڈ تریموں بیراج ،دریائے چناب کے کنارے حفاظتی بند کا بھی دورہ کیا ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تھرمل امیجنگ ڈرون کی اڑان کا بھی مشاہدہ کیا، انہوں نے دوربین سے دریامیں پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ وزیراعلیٰ نے کشتی میں سوار ہوکر دریا ئے چناب میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا ،تریموں بیراج کے قریب اٹھارہ ہزاری سپورٹس کمپلیکس ملکانہ موڑ میں لگائے گئے فلڈریلیف کیمپ میں متاثرہ بچوں اور خواتین سے ملاقاتیں بھی کیں۔
خواتین نے مریم نواز کو شکایات سے آگاہ کیا ، وزیر اعلیٰ نے ادویات کی دستیابی، ڈاکٹرز اور طبی عملے کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ فلڈ ریلیف کیمپ میں پناہ لیے متاثرین میں گھل مل گئیں۔اس موقع پر مریم نواز نے ننھی بچی سے اظہار شفقت کیا۔وزیر اعلیٰ کو اپنے درمیان پا کر سیلاب متاثرین نے مریم نواز زندہ باد کے نعرے لگائے ، معمر خاتون نے وزیر اعلیٰ کا ہاتھ تھام کر دعائیں دیں ، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی آمد پر عوام کا جم غفیر امڈ آیا۔ مریم نواز نے سیلاب متاثرہ بچوں میں کھانا ،کپڑے اور گفٹ تقسیم کئے اور اظہار محبت کیا ،انہوں نے سیلاب متاثرین کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھوں گی۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو سکاڈا کنٹرول روم میں سیلاب کی صورتحال پر کمشنر فیصل آباد راجا جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے بریفنگ دی۔