اعجاز چودھری کی اپنی نااہلی کے خلاف دوبارہ درخواست دائر ، جمشید دستی کیس سماعت کیلئے مقرر

 اعجاز چودھری کی اپنی نااہلی کے  خلاف دوبارہ درخواست دائر ،  جمشید دستی کیس سماعت کیلئے مقرر

لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ میں سابق سینیٹر اعجاز چودھری نے اپنی نااہلی کے خلاف دوبارہ درخواست دائر کر دی۔

 درخواست میں چیئرمین سینیٹ، الیکشن  کمیشن آف پاکستان اور دیگر کو فریق بنایا ہے اور موقف اختیار کیا کہ انہیں انسداد دہشت گردی کے ایک مقدمے میں سزا سنائی گئی، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے ازخود ان کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ درخواست میں نکتہ اٹھایاگیا کہ الیکشن کمیشن موقف سنے بغیر کسی بھی رکنِ سینیٹ کو نااہل قرار نہیں دے سکتا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹ نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کرنا بھی غیر قانونی ہے ۔ سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی نااہلی سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ 10 ستمبر کو کیس کی سماعت کرے گا۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نو مئی جلاؤگھیراؤ کے مقدمات میں سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی 5مقدمات میں درخواست ضمانت پر کارروائی 11ستمبرتک ملتوی کردی ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر ضمانتوں پرپراسیکیوشن سے دلائل طلب کر لئے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں