سیالکوٹ، سری لنکن منیجر کے قاتلوں کی اپیل پر سماعت کیلئے بینچ تشکیل
لاہور(محمد اشفاق سے)سیالکوٹ میں سری لنکن فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کے قتل پر سزائے موت اور عمر قید کی سزا پانے والے 15مجرموں کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کیلئے دو رکنی بینچ تشکیل دیدیا گیا۔۔۔
جسٹس سید شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ آج سے سماعت کرے گا ،سری لنکا سے تعلق رکھنے والے فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کو توہین مذہب کا الزام لگا کر3 دسمبر 2021 کو سیالکوٹ میں ہجوم کی جانب سے بے دردی سے قتل کیا گیا تھا،جس کے بعد ٹرائل کورٹ نے مجموعی طور پر 89ملزموں کو مجرم قرار دیتے ہوئے سزائیں سنائیں جس میں سے 6 مجرموں محمد حمیر، تیمور احمد، محمد ارشاد، علی حسنین، ابو طلحہ اور عبدالرحمٰن کو دو دو دفعہ سزائے موت اور دو دو لاکھ روپے معاوضہ مقتول پریانتھا کمارا کے ورثاء کو ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ جبکہ9 مجرموں روحیل امجد، محمد شعیب، احتشام زیب، عمران ریاض، ساجد امین، ضیغم مہدی، علی حمزہ، لقمان حیدر اور عبدالصبور کو عمر قید کی سزا اور دو دو لاکھ جرمانہ اور دو دو لاکھ روپے معاوضہ مقتول پریانتھا کے ورثا کو ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔جبکہ باقی 74 ملزموں کو 2،2 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی جو اپنی سزا پوری کرکے جیل سے رہا ہوچکے ہیں ،عمر قید اور سزائے موت پانے والے مجرموں کی جانب سے سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر کی گئیں تو اب ان اپیلوں پر سماعت کیلئے سپیشل دو رکنی بینچ تشکیل دیدیا گیا جسٹس سید شہباز رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ آج سے ان اپیلوں پر سماعت کرے گا اس سلسلے میں پراسکیوشن سمیت وکلا کو بذریعہ نوٹس مطلع کردیا گیا ہے ۔