بجلی2.57روپے فی یونٹ اضافہ کیلئے واپڈاکی درخواست پرسماعت مکمل
اسلام آباد(نامہ نگار)نیپرا نے واپڈا کی پن بجلی کے اوسط ٹیرف میں اضافے کی درخواست پر سماعت مکمل کرلی ۔واپڈا کی درخواست کی منظوری سے 2 روپے 57 پیسے فی یونٹ اضافہ ہوگا ۔
درخواست کی سماعت ممبر کے پی مقصود انور خان کی زیر صدارت ہوئی۔ واپڈا نے آئندہ مالی سال کی ضروریات کیلئے 364 ارب روپے اور تین سال میں تنخواہوں میں 100فیصد اضافہ مانگا ہے ۔ تنخواہوں کے اخراجات 7ارب 41کروڑ سے بڑھا کر 15ارب سے زائد کرنے کی درخوا ست کی گئی اور جاری منصوبوں پر لیے گئے قرض پر سود کی ادائیگی کیلئے 99ارب روپے مانگے گئے ہیں ۔ حکام نے بتایاکہ بعض منصوبے سکیورٹی سمیت کئی وجوہات کی بنیاد پر بند ہیں ۔ ممبر نیپرا رفیق شیخ نے کہاکہ کوئی ایسا منصوبہ بتائیں جس نے پیداواری ہدف پورا کیا ہو ۔ حکام نے کہاکہ واپڈا کا موازنہ آئی پی پیز یا دیگر منصوبوں سے نہیں ہوسکتا۔ رفیق احمد شیخ نے کہاکہ آپ کی ہم تعریف ضرور کرتے اگر آپ ٹیرف میں اضافے کے بجائے کمی کا مطالبہ کرتے ۔