لیپ ٹاپ سکیم فیز ٹو کا افتتاح، میرا بس چلے تو ہر طالبعلم کو سکالرشپ دوں : مریم نواز

لیپ ٹاپ سکیم فیز ٹو کا افتتاح، میرا بس چلے تو ہر طالبعلم کو سکالرشپ دوں : مریم نواز

لاہور(سیاسی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے چکوال میں ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ سکیم فیز ٹو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلباء کو اگلے سال 80 ہزار سکالر شپ دینے،مزیدسنٹر آف ایکسیلنس قائم کرنے اور آزاد جموں کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان، اور خیبرپختونخوا کے طلباء کو سکالر شپ اور لیپ ٹاپ دینے، غذائی قلت کے شکار علاقوں کے سرکاری سکولوں میں طلبہ کو کھجور یں دینے، 6 ہزار سائنس، ٹیکنالوجی، آرٹس، انجینئرنگ، میتھ میٹکس لیب بنانے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے پورے پنجاب میں سکول آف ایمیننس بنانے اور چکوال شہر کیلئے الیکٹرک بسیں دینے کیلئے اقدامات کا اعلان کیا ہے ۔ یونیورسٹی، کالجز میں طلباء کیلئے گاڑیوں کا بندوبست کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ طلباء کے درمیان دوبارہ آنے پر بہت خوش ہوں۔ مریم نواز نے کہا کہ میرابس چلے تو پنجاب کے تمام طلباء کو اپنے ہاتھ سے سکالر شپ دوں۔ دعا کریں اللہ وسائل دے تو تمام بچوں کی ذمہ داری ریاست پورا کریگی۔ پنجاب کے تمام وسائل کو طلباء کے خوابوں کو پورا کرنے کیلئے صرف کر دیں گے ۔ان کا کہنا تھا والد ین پر مشکلات آئیں تو بیٹیاں جان نچھاور کرنے کے لئے تیار ہوتی ہیں، تب میں نے فیصلہ کیا کہ میں اپنے والد کا کبھی ساتھ نہیں چھوڑوں گی۔ بغیر کسی جرم و قصور کے مجھے جیل بھیجا گیا۔ اچھے وقت میں انسان کچھ نہیں سیکھتا، مشکلات میں وقت انسان کو سب کچھ سکھا دیتا ہے ۔ راولپنڈی ڈویژن میں لڑکیاں، لڑکوں کی نسبت ہونہارسکالر شپ اور لیپ ٹاپ میں آگے نکل گئی ہیں۔ ہمارے معاشرے میں لڑکیوں کی تعلیم پر زیادہ دھیان نہیں دیا جاتا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایک لاکھ 18ہزار کورآئی سیون لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ حلفاً کہتی ہوں کہ کسی کی بھی سفارش قبول نہیں کرتی ،لیپ ٹاپ کے لیے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بچوں کی طرف سے تقریباً27 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں۔وزیر اعلیٰ نے راولپنڈی ڈویژن کے لئے ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ سکیم فیز ٹوکا باقاعدہ آغاز کر دیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے تقریب میں آمد پر اظہار مسرت کیا۔چکوال یونیورسٹی میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی آمد پر طلباء نے شاندار خیرمقدم کیا اورنشستوں سے کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف طلباء کے درمیان بیٹھ گئیں اور بات چیت کی۔یونیورسٹی آف چکوال میں منعقدہ تقریب کے دوران ہر طالبعلم وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ساتھ سیلفی بنانے کے لئے پرجوش تھے ۔یونیورسٹی کے سپیشل طالب علم نے پیانو پر قومی ترانے کی دھن پیش کی، تقریب میں لیپ ٹاپ سکیم کے ارتقا کے بارے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

مریم نوازنے طلبہ اور طالبات میں ہونہار سکالر شپ کے چیک اور لیپ ٹاپ تقسیم کیے ۔راولپنڈی ڈویژن کے 2535 طلباء کو لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے ۔ پبلک سیکٹر یونیورسٹی کے 1888 طلباء، سرکاری کالجز کے 207 طلباء اور میڈیکل یونیورسٹی کے 440 طلباء کو لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے ۔ بریفنگ میں مزید بتایاگیا کہ راولپنڈی ڈویژن میں 3 کروڑ 22لاکھ مالیت کے 886 سکالر شپ دئیے جائیں گے ۔ سرکاری یونیورسٹی کے 803 طلباء کو2کروڑ 97 لاکھ روپے کے سکالر شپ ملیں گے ۔فیز ٹو میں 33311طلباء کو لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے ،وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب بھر میں سیلاب زدگان کی مدد کے لئے فلڈ سروے کا آغاز کر دیا گیا۔پنجاب کے 26 اضلاع میں فلڈ سروے کے لئے 1429ٹیمیں پہنچ گئیں۔ قصور میں سیلاب زدگان کے نقصان کا تخمینہ لگانے کے لئے سروے کا آغاز آج یکم اکتوبر سے ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں