توشہ خانہ ٹو :20ویں گواہ پر وکیل صفائی کی جرح مکمل

توشہ خانہ ٹو :20ویں گواہ پر وکیل صفائی کی جرح مکمل

راولپنڈی (خبر نگار )توشہ خانہ ٹو کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت آج جمعرات تک ملتوی کر دی گئی۔ سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کے روبرو استغاثہ کے 20ویں گواہ پر وکیل صفائی نے اپنی جرح مکمل کرلی۔

 دوران سماعت بانی پی ٹی آئی نے اپنے قانونی معاملات اور جیل ملاقاتوں سے متعلق وکیل انتظار پنجوتھا اور نیاز اللہ نیازی کو کوآرڈینیٹر کے عہدے سے ہٹا کر بیرسٹر علی ظفر اور حامد خان کو نیا کوآرڈینیٹر مقرر کرنے سے متعلق عدالت میں درخواست دائر کر دی ۔توشہ خانہ ٹو کیس میں اب تک مجموعی طور پر 20 گواہوں کی شہادت قلمبند جبکہ 20 ویں گواہ و تفتیشی آفیسر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے شاہد پرویز پر وکیل صفائی قوسین فیصل مفتی نے جرح مکمل کر لی۔ کیس میں 19 ویں گواہ نیب افسر محسن ہارون پر جرح شروع کی گئی جو آج مکمل کی جائے گی۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی، بشری ٰبی بی کو کمرہ عدالت پیش کیا گیا۔انسداد دہشتگردی عدالت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 7 مقدمات میں درخواست ضمانت سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ۔بانی پی ٹی آئی کے وکلا محمد فیصل ملک حسنین سنبل عدالت میں پیش ہو گئے ۔سماعت انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی ۔بانی پی ٹی آئی راولپنڈی ٹیکسلا میں درج نومبر کے گھیراؤ جلاؤ سازش قتل کے 7 مقدمات میں نامزد ملزم ہیں۔پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی 7 مقدمات جیل میں گرفتاری ڈال دی تھی ۔تھانہ صادق آباد کے نومبر احتجاج کے مقدمہ میں انسداد دہشتگردی عدالت نے علیمہ خان سمیت 8 ملزموں کو چالان کی نقول تقسیم کر دیں ۔فردجرم 8 اکتوبر کو عائد کی جائیگی ۔بدھ کو عدالت نے علیمہ خان اور ان کے ساتھ شریک دیگر7ملزموں میں مقدمے کے چالان کی نقول تقسیم کردیں۔انسداد دہشتگردی عدالت میں علیمہ خان کے خلاف 26 نومبر صادق آباد میں درج مقدمے کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی ،عدالت میں علیمہ خانم اپنے وکیل فیصل ملک کے ہمراہ پیش ہوئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں