پنجاب کو نشانہ بنانے والوں کو جواب دینا میرا کام،معافی نہیں مانگوں گی:مریم نواز

پنجاب  کو   نشانہ  بنانے  والوں  کو  جواب  دینا  میرا  کام،معافی  نہیں  مانگوں  گی:مریم  نواز

لاہور (دنیا نیوز،صباح نیوز،آن لائن،این این آئی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کو نشانہ بنانے والوں کو جواب دینا میرا کام ہے ، اس پر کبھی معافی نہیں مانگوں گی، شمالی اور جنوبی پنجاب کی تفریق ڈالنے والے عوام کے دوست نہیں، پنجاب کے تمام شہروں کو بند مٹھی کی طرح جوڑ کر رکھنا چاہتی ہوں،

 مجھے امداد مانگنے کا لیکچر دیا گیا، نوازشریف کی بیٹی ہوں کبھی کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاؤں گی ، جلاؤ، گھیراؤ اور گالم گلوچ کی ترغیب دینے والا آپ کا دوست نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں صوبہ بھرکے 408 پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے پوزیشن ہولڈرطلبہ کے تمام تعلیمی اخراجات ادا کرنے اورانہیں لیپ ٹاپ دینے ،صوبے بھر میں بچے اور بچیوں کیلئے سنٹر آف ایکسی لینس ،6 ہزار سائنس، ٹیکنالوجی، آرٹ ،انجینئرنگ، میتھ میٹکس لیبز بنانے ،سکول ٹرانسپورٹ پراجیکٹ منصوبہ لانے اور تمام تعلیمی اداروں میں سپورٹس مقابلے کرانے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے تمام سرکاری سکولوں میں مفت یونیفارم دینے اور چھ ماہ میں ہر سکول میں کلاس روم، باتھ روم، پانی اور دیگر سہولیتیں مہیا کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز نے پنجاب اور پاکستان کا نام روشن کیا، جس ملک میں اتنے سارے ٹاپرز ہوں اس کو کبھی زوال نہیں آسکتا، میرے پاس پنجاب میں 50 ہزار سکول اور کروڑوں بچے پڑھتے ہیں ، ایک سال کی قلیل مدت میں سرکاری سکولوں کو پرائیویٹ سکولوں کے برابر کھڑا کر دیا ۔ 80 ہزار بچوں کو ہونہار سکالر شپ دیئے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی ہر ویڈیو پر یقین نہ کیجئے ۔

جو نوجوانوں کو جلاؤ، گھیراؤ، بدتمیزی اور گالم گلوچ کی ترغیب دیتا ہے وہ آپ کا دوست نہیں ، نوجوانو! اپنے دوست اور دشمن کی اچھی طرح پہچان کرو ۔ آج کا زمانہ ٹیکنالوجی کا زمانہ ہے ، کتاب،کاغذ، پنسل کافی نہیں ،پنجاب میں تمام مذاہب کو مکمل آزادی اور تحفظ حاصل ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ کمشنر، ڈپٹی ، کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، ڈی پی او، سیکرٹری یا وائس چانسلر اور دیگر افسر تعینات کرنا ہو تو ان کا انٹرویو خود کرتی ہوں، آج اگر آپ محنت کرتے ہیں تو کسی کی سفارش کی ضرورت نہیں، پچھلے دور میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں اور سفارش کلچر کو فروغ دیا گیا۔ ماضی میں مائنز اینڈ منرلز میں سفارش کی بنیاد پر بہت سے ٹھیکے دیئے گئے ، جنہیں منسوخ کر دیا ،صوبائی وزیر تعلیم کو ہدایت کی تمام تعلیمی اداروں میں کے پی آئی سسٹم سے امپروو کیا جائے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ جن صوبوں کے بچوں کو سکالر شپ اور لیپ ٹاپ نہیں مل رہے انہیں حکمرانوں سے پوچھنا چاہیے ، بچوں میں یہ احساس پیدا ہو کہ وزیر اعلیٰ ، آپ کی ماں نے آپ کی ذمہ داری خود اٹھائی ہے ، مریم نواز شریف پورے پنجاب کی وزیر اعلیٰ ہے ، سب شہرمیری آنکھوں کا نور ہیں ،ماں کے لئے سب برابر ہوتے ہیں۔ چکوال میں چند ماہ کی قلیل مدت میں سنٹر آف ایکسی لینس سکول بنایا ہے ۔ دعوے سے کہتی ہوں لاہور میں بننے والے ارلی چائلڈ ہوڈ سنٹرمیں پرائیویٹ سے بڑھ کر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ،پنجاب میں پہلی مرتبہ یہ ہوا کہ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندرحیات کا بچہ بھی ارلی چائلڈ ہوڈ میں تعلیم حاصل کررہا ہے ۔

شمالی پنجاب اور جنوبی پنجاب کے بعض علاقوں میں 9بلین سے سکول میل پروگرام شروع کیا۔ 10 لاکھ طلبا ( بچوں ) کو دودھ کے ڈبے مہیا کیے جارہے ہیں ،عہد کیا ہے کہ پنجاب کے بچوں کو بھی عالمی سطح پر مقابلے کے لئے تیار کرنا ہے ، وزیر آباد، ڈیر ہ غازی خان اور فیصل آباد جیسے چھوٹے شہروں میں الیکٹرک بس پراجیکٹس شروع کئے ۔طلبہ کو ہدایت کرتی ہوں انگریزی زبان کو ضرور سیکھیں، الیکٹرک بسوں میں تمام طلبا کے لئے فری سفر کی سہولت دی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواتین کو ہراساں اور کرائم کو کنٹرول کرنے کے لئے سی سی ڈی کا ادارہ قائم ہوا، پورے صوبے سے کرائم کی شرح میں کافی حد تک کمی نظر آرہی ہے ، پنجاب کو خواتین کے لئے محفوظ ترین صوبہ بنائیں گے ۔ 80 بلین روپے ، سرکاری سکولوں میں کلاس رومز، فرنیچر ،باتھ روم ،پنکھے ، پینے کے صاف پانی اور کمپیوٹر لیب کی اپ گریڈیشن کے لئے دیئے ہیں ، انڈیا اور پاکستان کے پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہوئی، ایک خاتون اگر کچھ بننا چاہتی ہے تو ہماری حکومت اس کو پوری سپورٹ کرے گی۔ لاہور میں پہلی مرتبہ ایک خاتون کمشنر تعینات ہوئی ہے ۔ خواہش ہے کہ خواتین کی بڑی تعداد تما م شعبوں میں آگے آ ئے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماضی میں سرعام جرائم ہوتے تھے ، اب پنجاب کے بہت سے اضلاع میں کرائم رپورٹ نہیں ہورہے ، ہراساں کرنے والوں کے خلاف 24گھنٹے میں ایکشن ہوتا ہے ، پنجاب کو بہن ،بیٹیوں کے لئے محفوظ ترین صوبہ بنائیں گے تاکہ وہ بے خوف خطر سفر کرسکیں۔ پنجاب میں 16 ہزار نوجوان میٹرک ٹیک پڑھ رہے ہیں ۔ اپنے بچے ملک سے باہر ہوں اور دوسروں کے بچوں کو دنگا فساد پر اکسانے والے دوست نہیں ہوسکتے ،جلاؤ گھیراؤ کرنے والے نوجوان جیل میں ہیں ان کے والدین پر کیا گزرتی ہوگی، ملک اور دھرتی آپ کی ہے آپ حفاظت نہیں کریں گے تو کون کرے گا، دوست دشمن کی پہچان کریں۔ پرفارمنس پیچھے اور بیانیہ آگے ہوتو ملک کیساتھ وہی ہوگا جو ملک کے ساتھ 2018 میں ہوا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا بعد میں کون لیکر آیا۔وسائل آپ کے ہیں لیکن استعمال کرنے کا فیصلہ کوئی اور کررہا ہے ۔ مریم نواز نے کہا کہ سیلاب میں مجھے امداد مانگنے کا لیکچر دیا گیا، نواز شریف کی بیٹی ہونے کے ناطے کبھی کشکول نہیں اٹھا ئوں گی، پنجاب اسکی عوام کی عزت نفس کی محافظ ہوں، اپنے لوگوں کو کشکول پکڑنے کا نہیں کہوں گی اور عوام کی عزت نفس کی بات اٹھانے پر کبھی معافی نہیں مانگوں گی، میرا کام اپنے لوگوں اورپنجاب کے لئے آواز اٹھانا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...