میئر کراچی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

میئر کراچی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

کراچی (سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے اپوزیشن لیڈر سٹی کونسل سیف الدین ایڈووکیٹ نے میئر کراچی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سندھ ہائیکورٹ میں دائر کردی۔

 درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ عدالت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ہونے والے معاہدوں کو غیر قانونی قرار دیا تھا لیکن اس کے باوجود کے ایم سی نے عدالتی فیصلے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے پارکوں پر کمرشل سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ کے ایم سی نے اب تک رفاہی پلاٹوں کو واگزار نہیں کرایا اور عدالتی حکم پر عمل درآمد سے گریز کیا جا رہا ہے ۔ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے لہٰذا میئر کراچی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ کے ایم سی کی جانب سے عدالتی فیصلے کے باوجود پارکوں کو تجارتی استعمال میں لانے کا سلسلہ شہریوں کے ساتھ ناانصافی ہے ، یہ عمل عدالتی احکامات کی سنگین خلاف ورزی ہے جس پر سخت ایکشن ناگزیر ہے ۔سیف الدین ایڈووکیٹ نے اپنی درخواست میں میئر کراچی کے ساتھ ڈائریکٹر پارکس اور ڈی جی کے ڈی اے کو بھی فریق بنایا ہے ۔ یاد رہے کہ اپوزیشن لیڈر سٹی کونسل اور 9 ٹاؤن چیئرمین کی جانب سے دائر آئینی درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے گزشتہ ماہ تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے معاہدوں کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں