جعفر ایکسپریس پھر نشانہ، شکار پور میں دھماکا، ٹریک سے اتر گئی، 7 مسافر زخمی

جعفر ایکسپریس پھر نشانہ، شکار پور میں دھماکا، ٹریک سے اتر گئی، 7 مسافر زخمی

3 سے 4 کلو بارودی مواد استعمال، 4بوگیاں شدید متاثر،150فٹ ٹریک کو نقصان پہنچا، مرمت کا کام جاری پولیس و رینجرز کا سرچ آپریشن، 20 سے زائدمشتبہ افراد گرفتار،وزیراعلیٰ سندھ کانوٹس، رپورٹ طلب

شکارپور(نمائندہ دنیا،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) چاروں صوبوں کو ملانے والی جعفر ایکسپریس ایک بار پھر بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایجنٹوں کی دہشت گردی کا نشانہ بن گئی جس سے 7 مسافر زخمی ہو گئے ۔پولیس حکام کے مطابق شکار پور کے گاؤں سلطان کوٹ کے قریب ریلوے  ٹریک پر زور دار دھماکا ہوا ہے ، جس سے راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کی 5 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، دھماکے میں بچی سمیت 7 مسافر زخمی ہوئے ، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ حادثے کے بعد رینجرز اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی،بم ڈسپوزل سکواڈ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ۔

ڈپٹی کمشنر شکارپور شکیل ابڑو کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر اے آئی ڈی کی مدد سے حملہ کیا گیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکے میں 3 سے 4 کلو بارودی مواد استعمال ہوا۔دھماکے سے 4 بوگیاں شدید متاثر ہوئیں اور 150 فٹ ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا۔ ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے ۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے کے مطابق متاثرہ ٹریک کی مرمت کاکام شروع کردیا گیا ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دھماکے کا نوٹس لے لیا۔ انہوں نے کمشنر لاڑکانہ،ڈی آئی جی لاڑکانہ، ایس ایس پی شکارپور اور ڈپٹی کمشنر سے رپورٹ طلب کرلی۔ جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد پولیس و رینجرز نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 20 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ادھر بلوچ ریپبلکن گارڈز(بی آر جی)نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں