ٹماٹر کی 5ویں سنچری،ریٹ چکن سے زیادہ ،صارفین کے چہرے لال
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )ملک بھر میں ایک کلو ٹماٹر کی قیمت پانچ سوروپے تک پہنچ گئی،ٹماٹر کی آسمان کو چھوتی ہو ئی قیمتوں کا سن کر شہریوں کے چہرے لال پیلے ہو گئے ۔
ا سلام آباد،راولپنڈی ،پشاور ،لاہور و دیگر شہروںمیں ٹماٹر کو پر لگ گئے ۔ جڑواں شہروں کے اتوار بازاروں سے ٹماٹر غائب ہو گئے جبکہ تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں ٹماٹر کی قیمت مرغی کے گوشت سے بھی بڑھ گئی ہے ۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق ٹماٹرکی قیمت میں اضافہ نئی فصل نہ ہونے ، ایران سے کم سپلائی، افغانستان سے سپلائی متاثر ہونے اور طلب میں اضافے کی وجہ سے ہوا ۔ شہری ٹماٹر کی قیمت میں بے تحاشا اضافے پر تلملا اٹھے ہیں ا ور انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کی قیمت فوری کنٹرول کی جا ئے ۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ منڈی سے ٹماٹر 400 روپے کلو خرید کر سرکار ی ریٹ پر فروخت کرنا ممکن نہیں۔