سہیل آفریدی کی عمران خان سے پھر ملاقات نہ ہوسکی : ججز کے احکامات ہوا میں اڑائے جارہے : وزیر اعلیٰ پختونخوا

سہیل آفریدی کی عمران خان سے پھر ملاقات نہ ہوسکی : ججز کے احکامات ہوا میں اڑائے جارہے : وزیر اعلیٰ پختونخوا

توہین عدالت کی پٹیشن دے رہے ہیں ،کور کمانڈر مبارکباد دینے آئے ، آئین کو مکڑی کا جالا نہیں بننے دینا عمران نے ہدایت دی وزیر اعلی ٰ اپنی مرضی سے کابینہ بنائیں ، عظمیٰ کی ملاقات کے بعد گفتگو، علیمہ کو اجازت نہ ملی

راولپنڈی، پشاور (خبر نگار، دنیا نیوز )وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی اڈیالہ جیل میں سربراہ تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات نہ ہو سکی جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہن عظمیٰ خان کو ملاقات کی اجازت ملی تاہم دیگر افراد کو بغیر ملاقات کے واپس جانا پڑا۔عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور نورین خانم کو بھی فیکٹری ناکے سے آگے جانے کی اجازت نہ مل سکی جبکہ پی ٹی آئی سربراہ کے کزن قاسم خان کو اڈیالہ جیل کے قریب پہنچنے پر واپس بھیج دیا گیا، بعد ازاں بانی پی ٹی آئی کی بہن عظمی ٰخان کو ملاقات کی اجازت دے دی گئی۔ داہگل ناکے پر گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم توہین عدالت کی پٹیشن دے رہے ہیں چونکہ تین ججز کی حکم عدولی ہوئی ہے ، ججز کے احکامات ہوا میں اڑائے جا رہے ،ہمارے قائد کے کیسز کی سپریم کورٹ میں سماعت نہیں ہو رہی، ہم سپریم کورٹ سے یہ کہہ رہے ہیں کہ ہمارے وکلاء سب آپ کے ساتھ کھڑے ہیں آپ آئین کی بالادستی قائم کریں۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں شمولیتی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم ایک ریاست دو دستور کا کلچر ختم کرنے آئے ہیں۔کور کمانڈر پشاور مجھے مبارکباد دینے آئے تھے ، ان سے کوئی آفیشل گفتگو نہیں ہوئی۔ میرے آفس میں سب آئیں گے تو کور کمانڈر بھی آئیں گے کیوں کہ میں لایا نہیں گیا بلکہ آیا ہوں اور میرے پاس عوام کی طاقت ہے ۔ہم نے آئین و قانون کو مکڑی کا جالا نہیں بننے دینا جس میں کمزور پھنس جائے ،طاقتور نکل جائے ۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن عظمیٰ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے وزیراعلیٰ کے پی کے لیے ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی مرضی سے کابینہ بنائیں اور کابینہ کا حجم چھوٹا رکھیں۔ عمران خان سے ملاقات کے بعد داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگومیں انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات نہ ہونے کے معاملے میں پارٹی لیڈرز کو کہا گیا کہ سب ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ جا کر ملاقات کرنے کی پٹیشنز فائل کریں، یہ ہدایت سلمان اکرم راجا کو پہنچا دی جائیں گی، سلمان اکرم پیغام رساں ہوں گے ۔

عمران خان نے علامہ راجہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا، بانی نے کہا کہ توہین عدالت فوری طور پر فائل کی جائیں اور تاریخ لیے بغیر ہائیکورٹ سے نہ اٹھیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو عمران خان سے ملنے کی اجازت نہ دینے پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات کے مطابق سہیل آفریدی کو ملاقات کی اجازت دی جائے ، وزیراعلیٰ خیبر پختوا کو روکنا سمجھ سے بالاتر ہے ۔تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے داہگل ناکے کے قریب گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے انتظامی امور معمول کے مطابق چل رہے ہیں، تمام قلمدان وزیر اعلیٰ کے پاس ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں