گوگل کی پنجاب میں لیپ ٹاپ فیکٹری لگانے کی پیشکش، بھرپور معاونت کرینگے : مریم نواز
گوگل کروم بک میں انگلش لرننگ کیلئے ’’ریڈ الانگ‘‘سمیت 3اہم سافٹ ویئر انسٹال ہونگے :بریفنگ پنجاب کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس حب بنانا ہمارا عزم :وزیراعلیٰ ، پولیو ٹیم سے مبینہ بدسلوکی کا نوٹس
لاہور(دنیا نیوز)گوگل نے پنجاب میں لیپ ٹاپ بنانے کیلئے گوگل کروم بُک (لیپ ٹاپ)فیکٹری لگانے کی پیشکس کردی ۔جس پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے گزشتہ رو ز گوگل فار ایجوکیشن اور ٹیک ویلی کے اعلیٰ سطح کے وفدنے ملاقات کی،جس کی سربراہی گوگل فار ایجوکیشن کے گلوبل ڈائریکٹر کیون کالیس نے کی ،ٹیک ویلی کے سی ای او عمرفاروق بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ملاقات میں بتایا گیا کہ گوگل کروم بک میں تین بڑے اور اہم سافٹ ویئر بھی انسٹال کئے جائیں گے ۔
طلبہ کے لئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹول کیٹ اور‘‘اے آئی جیمنائی’’ انسٹال کیا جائے گا۔ انگلش لرننگ کیلئے ‘‘ریڈ الانگ’’سافٹ ویئر بھی گوگل کروم بک میں میسر ہوگا، جبکہ ‘‘کینوا’’سافٹ ویئر بھی مہیا کیا جائے گا۔ گوگل فارایجوکیشن کے وفد نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا کہ گوگل فارایجوکیشن نے پنجاب میں سرکاری سکولوں کے 2ہزار سے زائد ٹیچرز کو ٹریننگ دی ہے ، دیگر اساتذہ کو بھی آئی ٹی ٹریننگ دی جارہی ہے جبکہ سرکاری سکولوں کے طلبہ کی آئی ٹی ٹریننگ پر بھی قابل ذکر کام کیاجارہاہے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بنیادی تعلیم کا حصہ بنانے پر کام کررہے ہیں، پنجاب کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس حب بنانا ہمارا عزم ہے ،پنجاب میں گوگل کروم بک فیکٹری کے قیام کیلئے بھرپور معاونت کریں گے ۔
مریم نواز نے تفریح کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا کہ تفریح نہ صرف ذہنی تناؤ کم کرتی ہے بلکہ جسمانی اور ذہنی صحت کو بھی بہتر بناتی ہے ،اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ان سرگرمیوں میں حصہ لیں جو آپ کو خوشی اور سکون فراہم کرتی ہوں۔ خواتین اور بچوں کے لئے پارکس اور تفریح گاہوں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے ۔وزیراعلیٰ نے نجی سکول میں پولیو ٹیم سے مبینہ بدسلوکی کا نوٹس لے لیا اور متعلقہ محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کرلی،انہوں نے پولیو ٹیم کا تحفظ یقینی بنانے کا حکم دیا ہے ۔