کہیں بارش ، کہیں سموگ ، ٹھنڈی ہوا سے سردی بڑھنے لگی

 کہیں بارش ، کہیں سموگ ، ٹھنڈی ہوا سے سردی بڑھنے لگی

ایبٹ آباد میں ژالہ باری، سوات میں آسمانی بجلی گرنے سے بچی جاں بحق پہاڑوں پر برفباری، ناران جھل کھڈ روڈ اور بابوسر ٹاپ آمدورفت کیلئے بند

اسلام آباد،سوات،کاغان(اے پی پی، آئی این پی ، مانیٹرنگ ڈیسک )بالائی پنجاب سمیت ملک کے کئی علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ، پہاڑوں پر برفباری ،پنجاب کے چند اضلاع میں سموگ بھی چھائی رہی ،ٹھنڈی ہوا سے سردی بڑھنے لگی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب کے راولپنڈی، قصور سمیت دیگر چند اضلاع جبکہ اسلام آباد ،سیدو شریف ، لوئر دیر ، کاکول ، پٹن ، کالام ، دیر ، مالم جبہ ، بالاکوٹ،ایبٹ آباد ، میر کھانی ،گڑھی دوپٹہ ، مظفرآباد میں بھی بارش ہوئی،ایبٹ آباد اور دیگر علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور ملحقہ علاقوں میں ژالہ باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

علاوہ ازیں پختونخوا کے ضلع سوات میں مکان پر آسمانی بجلی گرنے ایک بچی جاں بحق، متعدد مویشی ہلاک ہو گئے ، بانڈئی سوات میں سکول بھی متاثر ہوئے ہیں ۔ دوسری طرف وادی کاغان، ناران اور بابو سر ٹاپ پر برفباری کا سلسلہ بھی جاری رہا، ضلعی انتظامیہ نے ناران جھل کھڈ روڈ اور بابوسر ٹاپ کو آمدورفت کیلئے بند کردیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بدھ کو بھی لاہور،گوجرانوالہ سمیت کئی علاقوں میں بارش کا امکان ہے ۔  پی ڈی ایم کے مطابق آج لاہور ، راولپنڈی، اٹک، تلہ گنگ، جہلم، سرگودھا، خوشاب، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی بارش کا امکان ہے ۔ترجمان عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ممکنہ بارشوں سے سموگ میں کمی ہو گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں