قلات: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگرد ہلاک
انٹیلی جنس کی بنیادپر دہشتگردوں کے ٹھکانے پر موثر کارروائی، ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ ، گولہ بارود برآمد کسی بھی دہشتگرد کے خاتمے کیلئے سرچ آپریشن جاری:آئی ایس پی آر، صدر ،وزیراعظم کا فورسز کو خراج تحسین
راولپنڈی،اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، نامہ نگار )بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا ، اس دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھارتی حمایت یافتہ 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ مارے جانے والے دہشت گرد مختلف تخریبی اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔آپریشن کے دوران ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دہشت گرد کو تلاش کر کے ختم کیا جا سکے ۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام ویژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ مہم بھرپور انداز میں جاری رہے گی۔صدر مملکت آصف زرداری ،وزیراعظم شہباز شریف ،وزیرداخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم پر قائم ہے ۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے ۔ بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کا عبرتناک انجام واضح پیغام ہے کہ پاکستان میں اس فتنے کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔