عمران نے اچکزئی اور راجا ناصر کو مذاکرات کا اختیار دیدیا

عمران نے اچکزئی اور راجا ناصر کو مذاکرات کا اختیار دیدیا

حکومت سے کیا مذاکرات ہونگے ،آزادی یا موت کے سواکوئی غلامی قبول نہیں وزیراعظم وزیر اعلیٰ کو یہ کہے پوچھ کر بتاؤں گا تو پیچھے کیا رہ گیا:عمران، بہن سے گفتگو

راولپنڈی (خبر نگار سے )بانی پی ٹی آئی عمران خان نے تحریک انصاف کو کسی بھی قسم کے مذاکرات سے روک دیا ۔پی ٹی آئی قیادت نہ فارم 47 والی حکومت سے نہ اسٹیبلشمنٹ سے بات کرے گی، جو بھی بات ہو گی وہ الائنس کے محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کے ذریعے ہو گی،وہی فیصلہ کرنے کے مجاز ہونگے ۔ ان خیالات کا اظہار بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے کے بعد ان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمٰی خان نے علیمہ خان اور نعیم حیدر پنجوتھہ کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں کیا۔ ڈاکٹر عظمیٰ خان نے کہا بانی کہتے ہیں آزادی یا موت کے علاوہ کوئی غلامی قبول نہیں کروں گا۔

پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی سے براہ راست بات نہیں کرے گی ،جو بات ہو گی الائنس کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے ہو گی ۔ ڈاکٹر عظمیٰ خان کا مزید کہنا تھا آج ہونے والی ملاقات میں بانی کو جتنی اپڈیٹ دے سکتی تھی وہ دیدی ہے ۔بانی نے کہا ہے کہ فارم 47 کی حکومت سے کیا مذاکرات ہوسکتے ہیں، جب ملک کا وزیراعظم وزیر اعلٰی کے پی کو یہ کہے کہ پوچھ کے بتاؤں گا تو پیچھے کیا رہ گیا، ان لوگوں کے ساتھ بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے ، تین سال ہونے کو ہیں، مجھ پر سختیاں کر رہے ہیں۔ جب بھی اسٹیبلشمنٹ سے بات کی یہ پی ٹی آئی پر اور زیادہ ظلم کرتے ہیں۔ بانی نے کہا جتنا ظلم اس دور میں ہوا اتنا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ڈاکٹر یاسمین راشد کینسر کی مریضہ ہے اسے جیل میں رکھا گیا۔بانی نے کہا ہے سلمان اکرم راجہ پر مجھے مکمل اعتماد ہے صرف ان کے ذریعے ہی پارٹی کو پیغامات جائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں