اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان سمیت 4 افراد شہید، فورسز کے آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 7 خوارج ہلاک

اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان سمیت 4 افراد شہید، فورسز کے آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 7 خوارج ہلاک

بنوں میں نامعلوم مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی خان کی گاڑی پر فائرنگ کی، 3افراد زخمی، شہدا کی کینٹ میں نماز جنازہ ادا سکیورٹی فورسز کی 2مختلف کارروائیوں کے دوران میرعلی میں 6،اسپن وام میں ایک دہشتگرد مارا گیا،سینی ٹائزیشن آپریشن جاری

بنوں(دنیا نیوز)بنوں میں مسلح افراد کے حملے میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیر ستان شاہ ولی خان سمیت 4افراد شہید ہو گئے ۔جبکہ شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے 2آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ 7 خوارج ہلاک ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق بنوں میں میرانشاہ روڈ فلور ملز کے قریب مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ اور پولیس گاڑی پر حملہ کیا، ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حملے میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی خان سمیت 4 افراد شہید ہوگئے ہیں جبکہ تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ مسلح افراد زخمی پولیس اہلکاروں سے اسلحہ بھی لے گئے۔شہدا اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال بنوں منتقل کیا گیا۔

بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ شاہ ولی اور دوپولیس جوانوں کی نماز جنازہ بنوں کینٹ میں ادا کردی گئی۔ نمازِ جنازہ میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ، انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید، جنرل آفیسر کمانڈنگ میرانشاہ، اعلیٰ عسکری و سول حکام، پولیس افسران اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ادھر پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق شمالی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر میر علی کے عمومی علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے بعد فائرنگ کے شدید تبادلے میں 6 خوارج مارے گئے۔

جبکہ اسپین وام کے علاقے میں سکیورٹی فورسز نے ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی، جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم یہ خوارج سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کے علاوہ بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے ۔ علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ چھپے ہوئے دہشت گرد کو ناکارہ بنایا جاسکے ۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے ویژن کے تحت ملک بھر میں جاری انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی اور پاکستان سے غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے ۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا سکیورٹی فورسز دہشت گردی کیخلاف بڑی کامیابیاں حاصل کررہی ہیں،انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں