ایک روزمیں 13کروڑکے چالان،15428گاڑیاں بند
4388 گاڑیوں کیخلاف مقدمات، سیف سٹیز اتھارٹی کے ای چالانز شامل نہیں 2600 پولیس اہلکاروں کے بھی چالان، کم عمر ڈرائیورز ایف آئی آرسے مستثنیٰ
لاہور(نیوزایجنسیاں)پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر نئے جرمانوں کے اطلاق کے پہلے ہی دن تاریخ کا سب سے بڑا مالی ریکارڈ قائم ہوگیا۔صوبے بھر میں ایک ہی روز میں مجموعی طور پر 13 کروڑ 19 لاکھ روپے کے چالان کیے گئے ۔اعداد و شمار کے مطابق 40636 ٹریفک چالانز کیے گئے جبکہ 15428 گاڑیاں تھانوں میں بند کی گئیں اور 4388 گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ۔موٹر وہیکل آرڈیننس میں حالیہ ترامیم کے بعد اب تک 4 لاکھ 4713 چالانز کیے جا چکے ہیں جن سے 49 کروڑ 52 لاکھ روپے کے جرمانے وصول ہوئے ، جبکہ 63 ہزار گاڑیاں تھانوں میں بند کی گئیں۔ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ جرمانوں میں اضافے کے تناظر میں سسٹم کا سافٹ ویئر اپڈیٹ کر دیا گیا ۔ ان اعداد و شمار میں سیف سٹیز اتھارٹی کے ای چالانز شامل نہیں ہیں۔دریں اثنا ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ 6 روز کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 2600 پولیس اہلکاروں کو چالان جاری کیے گئے ۔
434 پولیس اہلکاروں کی گاڑیاں بند کی گئیں جبکہ 10 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ۔کارروائی صرف پولیس اہلکاروں تک محدود نہیں رہی بلکہ 500 سے زائد دیگر سرکاری گاڑیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ، جبکہ 312 سرکاری گاڑیاں بند کردی گئیں۔ترجمان کے مطابق 5 سرکاری ڈرائیورز کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی گئی ۔ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے کہا کہ صوبے میں ڈرائیونگ کرنے والا کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں ہے ۔انہوں نے سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو خصوصی احکامات جاری کر تے ہوئے میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کم عمر ڈرائیورز پر ایف آئی آر کا اندراج نہیں صرف چالان ہوگا۔ کم عمر ڈرائیورز پر نہیں بلکہ گاڑی کے مالک پر ایف آئی آر کا اندراج ہوگا۔ فیلڈ افسر دوران ڈیوٹی باڈی کیم کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ تمام شہروں میں آگاہی بینرز، بل بورڈز اور سٹینڈز لگائے جائیں۔