پنجاب:مبینہ مقابلے ،مزید 11منشیات فروش ہلاک، اہلکار زخمی
لاہور ، بہاولنگر ،چک امرو ، ڈی جی خان میں 2،2 ہلاک،ایک کے لواحقین کا احتجاج سیالکوٹ،میلسی ،جہانیاں میں بھی پولیس مقابلے ،چیچہ وطنی سے زخمی ملزم گرفتار
لاہور(نمائندگان دنیا)لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی)کے ساتھ مبینہ مقابلوں میں مزید 11 منشیات فروش ہلاک، ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، جبکہ ایک منشیات فروش کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیاگیا۔ بتایا گیا کہ لاہور کے علاقوں اقبال ٹاؤن اور چوہنگ میں سی سی ڈی سے مبینہ مقابلوں میں زیرحراست 2 ملزم مبشر اور عدنان چھڑانے کیلئے آنیوالے اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے ۔ بہاولنگر میں یکے بعد دیگرے دو مبینہ مقابلوں میں دو منشیات فروش ہلاک جبکہ سی سی ڈی پولیس اہلکار عابد شدید زخمی ہوگیا،پہلا مقابلہ پل سکندر کے قریب اور دوسراواقعہ چک نمبر 264 ایچ آر کے قریب پیش آیا۔چک امرو میں گوجرانوالہ کے رہائشی 2 منشیات فروش شفیق عرف نانی اور مرزے شاہ عرف علی شاہ مبینہ مقابلے میں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے ۔ڈیرہ غازی خان میں سی سی ڈی تونسہ و ڈی جی خان سرکل کی کارروائیوں میں دو منشیات فروش امجد وڈانی اور اشفاق عرف ڈیڈا موچی مبینہ مقابلوں میں ہلاک ہوگئے ، امجد وڈانی کے لواحقین نے پل پیارے والی روڈ بلاک کرکے احتجاج کیا۔میلسی کے قریب اڈا جہاں واہ کے نزدیک مبینہ پولیس مقابلے میں متعدد مقدمات میں ملوث منشیات فروش خضر عباس ہلاک ہوگیا، ملزم کے دو ساتھی فرار ہوگئے ۔جہانیاں کے نواحی علاقہ لکھی ٹبی کے قریب سی سی ڈی پولیس جہانیاں کے ساتھ مبینہ مقابلے میں بدنام زمانہ منشیات فروش علی رضا ہلاک اور ساتھی فرارہوگئے ۔سیالکوٹ میں تھانہ صدر پسرور کی حدود گاؤں رامکے میں پولیس اور اشتہاری ملزموں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ریکارڈ یافتہ منشیات فروش محمد بوٹا ہلاک ہوگیا۔چیچہ وطنی کے تھانہ شاہکوٹ کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے میں ریکارڈ یافتہ منشیات فروش ظفر اقبال کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیاگیا، ملزم کے قبضے سے 1800 گرام چرس اور پسٹل 30 بور برآمد ہوا۔