حکومت کورم پورا کرنے میں ناکام ، قومی اسمبلی اجلاس پیرتک ملتوی

 حکومت کورم پورا کرنے میں ناکام ، قومی اسمبلی اجلاس پیرتک ملتوی

اجلاس شروع کرنے کیلئے طویل انتظار کرنا پڑا ، 7 نکاتی ایجنڈا زیر غور نہ آسکا بلال چودھری کے حلف کے دوران پی ٹی آئی ارکان کی نعرے بازی ، شور شرابہ

اسلام آباد (نامہ نگار ، سٹاف رپورٹر ) قومی اسمبلی میں کورم مکمل نہ ہونے پر حکومت کو ایک مرتبہ پھر خفت کا سامنا کرنا پڑا۔ حکومتی ارکان کی مسلسل غیر حاضری کے باعث سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو اجلاس شروع ہونے سے پہلے بھی طویل انتظار کرنا پڑا، جبکہ پی ٹی آئی نے  حسب روایت کورم کی نشاندہی کر کے حکومت کے لیے مزید مشکلات پیدا کر دیں۔جمعہ کو قومی اسمبلی اجلاس پینل آف چیئرپرسن نزہت صادق کی زیر صدارت تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب رکن بلال چودھری نے حلف اٹھایا، تاہم اس دوران پی ٹی آئی کے ارکان نے نعرے بازی اور شور شرابہ شروع کر دیا ۔وقفۂ سوالات شروع ہوتے ہی پی ٹی آئی کے رکن صبغت اللہ نے کورم کی نشاندہی کر دی، جس پر ایوان میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان تکرار ہوگئی۔ وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی ارکان کے درمیان تلخ کلامی بھی دیکھنے میں آئی ، پی ٹی آئی کے چند ارکان نے نو منتخب رکن کے حلف کو غیر قانونی قرار دیا، پندرہ منٹ کے وقفے کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا، مگر گنتی کرانے پر کورم ایک بار پھر پورا نہ ہو سکا۔ حکومتی ارکان کے طویل انتظار کے باوجود مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے پر پینل آف چیئرپرسن نے اجلاس پیر کی شام پانچ بجے تک ملتوی کر دیا۔ کورم پورا نہ ہونے کے باعث سات نکاتی ایجنڈا، وقفۂ سوالات، دو توجہ دلاؤ نوٹس اور لوک ورثہ ترمیمی بل شامل تھے زیرغور نہ لائے جا سکے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں