پاکستان میں کاروباری اعتماد7سال کی بلند ترین سطح پر
اسلام آباد(خصوصی نیوزرپورٹر)اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سروے 2025 کے مطابق پاکستان میں کاروباری اعتماد سات سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ۔
یہ سروے پاکستان میں 200 سے زائد بین الاقوامی کمپنیوں کی نمائندگی کرنے والے او آئی سی سی آئی کی جانب سے کیا گیا جو ملکی معیشت کے 13 سے زائد اہم شعبوں میں سرگرم ہیں۔سروے نتائج کے مطابق پاکستان میں معاشی استحکام اور بڑھتا ہوا کاروباری اعتماد ایس آئی ایف سی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جس کی بدولت پاکستان ترقی کے نئے مراحل میں داخل ہو رہا ۔ بزنس کانفیڈنس انڈیکس 11 فیصد سے بڑھ کر 22 فیصد تک پہنچ چکا ہے ، جو گزشتہ سات سال میں سب سے زیادہ ہے ۔ اس سروے میں سروسز سیکٹر 24 فیصد اضافہ کے ساتھ سرفہرست رہا، جب کہ ریٹیل اور مینوفیکچرنگ شعبے میں بھی بہتری دیکھنے کو ملی۔سروے رپورٹ کے مطابق بڑے شہروں میں کاروباری اعتماد 14 فیصد سے بڑھ کر 23 فیصد تک جا پہنچا، جبکہ چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں کاروباری اعتماد میں منفی 3 فیصد سے 19 فیصد تک اضافہ ہوا۔ سرمایہ کاری کے انڈیکس میں منفی 4 فیصد سے 12 فیصد تک کا اضافہ ہوا ۔ نئے آرڈرز 26 فیصد سے بڑھ کر 41 فیصد تک پہنچ گئے جبکہ نئی ملازمتوں کے انڈیکس میں 16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔او آئی سی سی آئی کے صدر یوسف حسین نے ان نتائج کو "اعتماد میں مثبت تبدیلی" قرار دیا۔