قوم برسوں فیض اور باجوہ کی فصل کاٹے گی : وزیر دفاع
9مئی بھی جوائنٹ وینچر تھا:خواجہ آصف،فیض حمیدکو سزا حق سچ کی فتح:عطا تارڑ ساتھ دینے والوں کابھی ٹرائل چل سکتا:راناثنا ،پی ٹی آئی9مئی والوں کو نکالے :طلال
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،نامہ نگار،دنیا نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے سابق سربراہ آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر)فیض حمید کو 14سال قید بامشقت کی سزا پر ردعمل دیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہاقوم برسوں تک سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور سابق آرمی چیف جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ کے بوئے ہوئے بیجوں کی فصل کاٹے گی۔ انہوں نے کہا اللہ ہمیں معاف کرے ، طاقت اوراقتدار کو اللہ کی عطا سمجھ کے اس کی مخلوق کے لئے استعمال کی توفیق عطا فرمائے ، خوف خدا حکمرانوں کا شیوہ بنے ۔خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات بھی فیض اور بانی پی ٹی آئی کا جوائنٹ وینچر تھے ، جو بالآخر ناکام ہو گیا، تاہم ان کوششوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے ۔طالبان کی پشت پناہی اور بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اسی دم توڑتی سازش کی کڑیاں ہیں۔
خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا جنرل (ر) باجوہ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعیناتی رکوانے کے لیے دباؤ ڈالا اور دھمکیاں دیں، قمر باجوہ نے پہلے فیض حمید کو چیف بنوانے کی کوشش کی ، بعد میں دیگر نام لائے ،ماضی میں کبھی آرمی چیف لگانے کے حکومتی اختیار کو چیلنج نہیں کیا گیا تھا۔ 9 مئی کے واقعات فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعیناتی پلٹانے کا منصوبہ تھا۔9 مئی کا واقعہ بانی پی ٹی آئی تنہا نہیں کرسکتے تھے ، فیض حمید کے خلاف مزید مقدمات بننے کی گنجائش ہے ، فیض حمید کے رابطے تھے اور ریٹائرمنٹ کے باوجود نبض ان کے ہاتھ میں تھی۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ فوج میں خود احتسابی کا عمل بہت مضبوط ہے جس کی واضح مثال سب نے دیکھ لی، فیض حمید پی ٹی آئی کے سیاسی مشیر بھی تھے، آج کا فیصلہ حق اور سچ کی فتح ہے۔ فیض حمید کو ٹرائل میں دفاع کا بھرپور موقع دیا گیا۔ قانون سے کوئی بالاتر نہیں ہے۔
فیض حمید تمام الزامات کے مرتکب پائے گئے ، ٹاپ سٹی کیس میں بھی سزا ہوئی،سیاسی معاملات کی مزید تحقیقات ہوں گی ۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا فیض حمید کی سیاسی انجینئرنگ کی وجہ سے ملک میں سیاسی بحران پیدا ہوا، اس معاملہ میں جو اور لوگ بھی ملوث ہیں ان کے خلاف بھی قانون اپنا راستہ لے گا۔جو کوئی بھی اپنے عہدے کا غلط استعمال کرے گا اسے معاف نہیں کیا جائے گا۔وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا 9مئی کے تمام کیسز میں آرمی نے اپنے لوگوں کا بھی ٹرائل کیا، ہمارا نظام عدل 9مئی کے دیگر کیسز کو کیوں نہیں نمٹاسکا؟پی ٹی آئی کے پاس اب کوئی جواز نہیں رہا، پی ٹی آئی بھی 9مئی جیسے واقعات میں ملوث لوگوں کو جماعت سے نکالے ۔وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا فیض حمید کا سیاست میں عمل دخل ثابت ہو گیا، فیض حمید کا ساتھ دینے والوں کا بھی ٹرائل ہونا چاہئے ۔ ان کا ٹرائل بھی فوجی عدالت میں چل سکتا ہے ۔