باجوہ کو دیر سے پتہ چلا، وہ بری الذمہ ہیں : فیصل واوڈا

باجوہ کو دیر سے پتہ چلا، وہ بری الذمہ ہیں : فیصل واوڈا

فیض حمید اب عمران خان کے خلاف 9 مئی کی گواہی دیں گے وعدہ معاف بننے کے باوجود سزا کم نہیں ہوگی،دنیا مہر بخاری کیساتھ

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے ڈی جی آئی ایس آئی جب وزیراعظم کے ساتھ مل جائے تو وہ بڑی طاقت بن جاتا ہے ،ٖلیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمیداس وقت مکمل پاور میں تھے ،جنرل (ر)باجوہ کو جب پتا چلا توانہوں نے فیض حمید کو ہٹانے کی کوشش کی تو پھر میچ پڑ گیا، اس وجہ سے باجوہ بری الذمہ ہوجاتے ہیں۔دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے واوڈا نے کہا مجھے 9مئی سے ایک سال پہلے پارٹی سے نکال دیا گیا تھا،کیونکہ میں اسی چیز سے روک رہا تھا،میں نے خان صاحب کو کہا تھا کہ اس راستہ پر نہ جاؤ، واپسی نہیں ہو گی،انہوں نے مجھے نکال دیا تھا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ میں پہلے کہتا رہا کہ فلاں فلاں کو سزا ہو گی، پھر کہا فیض حمید کو بھی سزا ہو گی،اب فیصلہ سب نے دیکھ لیا، فیض حمید اب عمران خان کے خلاف 9 مئی کیس کی گواہی اور ثبوت بھی دینگے ،اس کے بعد 9 مئی کے کیس میں وہ نتھی ہوجائیں گے،گھیرا عمران خان کے گرد مزید تنگ ہو گا،اب اگر مگر نہیں یہ واضح ہے کہ جب فیض حمید شواہد کے ساتھ گواہی دیں گے تو اس میں کوئی ابہام نہیں کہ 9 مئی کے اندر عمرا ن خان ، ان کی پارٹی،جن بھوت اور وہ لوگ جنہوں نے انصاف کی کرسی پر بیٹھ کر قلم سے ان ملک دشمن عناصر کی سہولت کاری کی تھی، وہ سب اس زمرے میں آئیں گے۔

فیض حمید کے علاوہ عمران خان نے ہراک بندے کو برا بھلا کہا ہے، پہلا دھرنا فیض حمید جب کور کمانڈٖر تھے تب سے شروع ہوا تھا، فیض حمید اب وہ شواہد دینگے جو کوئی تصور نہیں کرسکتا،کس کوکتنی سزا ملتی ہے یہ وقت بتائے گا۔فیصل واوڈ ہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان کا فوجی عدالت میں مقدمہ چلتا ہے یا نہیں، یہ قبل از وقت ہے اور یہ شواہد پر منحصر ہوگا۔فیصل واوڈا نے کہا ہے اگر فیض حمید وعدہ معاف گواہ بھی بن جائیں تو پھر بھی ان کی سزا میں کمی نہیں آئے گی۔ 9 مئی کے کیسز ابھی باقی ہیں اور جس سیاسی جماعت نے یہ سب کیا اس کا انجام واضح نظر آرہا ہے ، یہ انصاف کا ایک طویل سلسلہ ہے جو اب رکے گا نہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں