بارشوں کے سپیل میں غیر معمولی تبدیلی ،پاکستان موسمیاتی تبدیلی کا شکار
رواں سال مون سون میں معمول سے زیادہ ،مجموعی طور پر کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں یکم جنوری تا دسمبر 2025تک مجموعی طور 281ملی میٹر بارش ہوئی ، وزارت آبی وسائل
اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی)پاکستان کو اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں بارشوں کے سپیلز میں غیر معمولی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں،رواں سال مون سون میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوئیں ہے جبکہ مجموعی طور پر سال بھر میں معمول سے کم بارشیں ریکارڈ ہوئیں ہیں ، وزار ت آبی وسائل کے مطابق رواں سال مون سون کے دوران اوسط بارش 172.8 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ گزشتہ سالوں کے دوران اوسط 140.9 ملی میٹر رہی یوں اس سال مون سون کے دوران اوسط 22.6 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ۔
دوسری جانب اگر ملک میں مجموعی طور پر سال بھر میں بارشوں کی بات کی جائے تو اس میں کمی آئی ہے ، وزارت آبی وسائل کے مطابق ملک بھر میں یکم جنوری سے دسمبر 2025 تک مجموعی طور 281 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو کہ عمومی طور پر 284 ملی میٹر اوسط ہوتی ہے ، یوں مجموعی طور پر 11 ماہ کے دوران 1.1 فیصد کم رہی ، مون سون کے دوران پنجاب میں 33.7 فیصد بارش معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ، اسی طرح سندھ میں 26.2 فیصد، بلوچستان میں 28.2 فیصد اور پختونخوا میں 1.7 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ، گلگت بلتستان میں مون سون کے دوران 30.6 فیصد بارش معمول سے زیادہ ریکارڈ کی گئی،آزاد کشمیر میں 4.7 فیصد ز یادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔