فرد واحدنظام تباہ کرنے کی کوشش کر رہا
شیخوپورہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سازشی عناصر سیاست میں ہوں یا کسی ادارے میں ہوں،ان کا کڑا احتساب ملک و قوم کے مفاد میں ہے۔
اس وقت سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے ،جس سے پاکستان کے وقار اور عزت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے ،فتنہ فساد اور انتشار پھیلانے والوں کے خلاف آہنی ہاتھ سے نمٹنے کا وقت آگیا ہے ،فیض حمید کی سزا کا فیصلہ فوج کے اندر احتساب کی بنیاد ہے ،جس کا خیر مقدم کرتے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سابق صوبائی وزیر میاں خالد محمود کی اقامت گاہ پرانکے بھائی کی وفات پرتعزیت کے بعد میڈیاسے گفتگو کے دوران ۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ فوج کامورال ڈائون کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں،ان کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی،شہداء کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،ریاستی اداروں پرحملے کرنے والے دشمن کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں،انہوں نے کہا کہ فرد واحد ملک کے نظام کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے یہ سیاست نہیں، بلکہ فساد اور انتشار پھیلانے کی سازش ہے ۔