سٹیٹ بینک کا مانیٹری پالیسی کا اعلان، شرح سود کم ہو کر 10.5 فیصد پر آ گئی
کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود میں 50 بیسز پوائنٹس کی کمی کر دی ہے۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ مانیٹری پالیسی بیان کے مطابق نئی شرحِ سود 10.50 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
— SBP (@StateBank_Pak) December 15, 2025
معاشی ماہرین کی توقع تھی کہ شرحِ سود کو 11 فیصد کی سطح پر برقرار رکھا جائے گا، تاہم مانیٹری پالیسی کمیٹی نے غیر متوقع طور پر شرحِ سود میں 50 بیسز پوائنٹس کی کمی کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مئی 2025 میں سٹیٹ بینک نے شرحِ سود میں 100 بیسز پوائنٹس کی کمی کی تھی، جس کے بعد مسلسل کئی ادوار تک شرحِ سود 11 فیصد پر برقرار رکھی گئی تھی۔
نئی مانیٹری پالیسی کےاہم نکات
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئی مانیٹری پالیسی کے اہم نکات جاری کر دیئے، جس کے مطابق شرح سود میں مزید کمی کی گنجائش موجود تھی اس کے باوجود محتاط مانیٹری پالیسی دی گئی۔
سٹیٹ بینک اعلامیہ کے مطابق نئی مانیٹری پالیسی معاشی نمو کو سہارا دے گی، مہنگائی کی شرح مالی سال 2026 کے دوران 5 سے 7 فیصد کے درمیان رہے گی۔
عالمی منڈی میں اجناس کی قیمتیں نسبتاً معتدل رہنے کی توقع ہے، بڑی صنعتوں کی پیداوار مالی سال 2026 کی پہلی سہہ ماہی میں 4.1 فیصد کے ساتھ بہتر رہی۔
اعلامہ کے مطابق آٹو موبائل، کھاد، ماور سیمنٹ کی فروخت میں اضافہ ہوا، زرعی شعبے میں گندم کی کاشت بھی بہتر رہی۔
سٹیٹ بینک کے مطابق ملکی جی ڈی پی گروتھ 3.25 فیصد سے 4.25 فیصد کے درمیان رہے گی، جولائی یا اکتوبر رواں مالی سال کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 70 کروڑ ڈالر رہا۔