بھارت میں لیونل میسی کی تقریب بدنظمی کا شکار، سٹار فٹبالر 10 منٹ میں روانہ ہونے پر مجبور

کلکتہ: (دنیا نیوز) بھارت میں ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کی آمد اس وقت بدنظمی کی نذر ہوگئی جب کلکتہ میں ان کے استقبال کے موقع پر سٹیڈیم میں ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی، جس کے باعث وہ صرف دس منٹ بعد ہی وہاں سے روانہ ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لیونل میسی اپنے گوٹ ٹور (GOAT Tour) کے سلسلے میں کلکتہ پہنچے تھے، جہاں ویویکانند یووا فٹبال سٹیڈیم میں ان کی آمد کے دوران اچانک بدانتظامی اور ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔

مقامی رپورٹس میں بتایا گیا کہ میسی کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں شائقین سٹیڈیم پہنچے تھے، تاہم سخت سکیورٹی انتظامات اور سخت پروٹوکول کے باعث مداح مشتعل ہوگئے اور صورتحال قابو سے باہر ہونے لگی۔

رپورٹس کے مطابق مایوس فینز نے غصے میں آکر پوسٹر ہورڈنگز توڑ دیئے، بوتلیں اچھالیں اور احتجاج شروع کر دیا، جس کے نتیجے میں حالات مزید خراب ہوگئے اور سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔

بدنظمی میں اضافے کے بعد لیونل میسی اور دیگر معروف شخصیات کو حفاظتی خدشات کے پیش نظر محض دس منٹ کے اندر سٹیڈیم سے باہر نکال لیا گیا۔

کئی شائقین جو گھنٹوں انتظار کے بعد اپنے پسندیدہ فٹبالر کو دیکھنے کے منتظر تھے، شدید مایوسی کا شکار ہوئے اور انہیں میسی کو درست طور پر دیکھنے کا موقع بھی نہ مل سکا۔

سٹیڈیم کے اندر پیش آنے والے یہ مناظر نہایت ڈرامائی تھے، جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے۔

واضح رہے کہ 2011 کے بعد یہ لیونل میسی کا پہلا دورۂ بھارت تھا، اس سے قبل وہ اسی سٹیڈیم میں ارجنٹینا اور وینزویلا کے درمیان کھیلے گئے ایک دوستانہ میچ میں شریک ہوئے تھے، جس میں ارجنٹینا نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں