مشرف اورفیض کی سزا ،خوشی نہیں عبرت کا مقام:سعدرفیق

مشرف اورفیض کی سزا ،خوشی نہیں عبرت کا مقام:سعدرفیق

غلط کاموں کا نتیجہ غلط ، جمہوری نظام تلپٹ کرنیوالے یہ دونوں تنہا نہیں تھے افراد ، جماعتیں اور ادارے اپنے گناہ اور غلطیاں تسلیم کریں:لیگی رہنما

لاہور(آئی این پی )مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مشرف کی جلاوطنی اورفیض حمید کی قید خوشی کا نہیں عبرت کا مقام ہے ، غلط کاموں کا نتیجہ غلط ہی نکلتا ہے ۔ انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ مجھ سمیت جنرل (ر)فیض حمید کے بیشتر متاثرین اس موقع پر استغفار کا ورد کر رہے ہیں جبکہ فیض حمید سے مسلسل فیض یاب ہونیوالے اور ان کے اشارہ ابرو پر رقص کرتے ہوئے ہم پر حملے کرنیوالے پیشہ ور رقاص اب اسی شدت کے ساتھ راگ درباری کا الاپ کرتے ہوئے اپنے سابقہ باس کی سزا پر داد و تحسین کے نعرے لگا رہے ہیں ۔سعدرفیق کاکہناتھایادرہے کہ پاکستان کے جمہوری نظام اور آئینی حکمرانی کو تلپٹ کرنے والے یہ دونوں افراد تنہا نہیں تھے ، بہت سے جرنیل ، جج ، جرنلسٹ اور سیاستدان اس بگاڑ کا حصہ انکے سہولت کار اور بینیفشری تھے ۔ ہم چاہتے ہیں پھلتے پھولتے اور چلتے چلاتے پاکستان کو بریکس لگوانے والے اور جمہوری عمل کو ڈی ریل کرکے پاکستان کو ناقابل تلاقی نقصان پہنچانے والے تمام کرداروں کا محاسبہ ہو،یہ معاملہ محض فیض حمید کی سزا پر نہیں رک سکتا، حساب کتاب کا روڈ رولر حرکت میں آتا رہے گا۔انہوں نے کہا افراد ، جماعتیں اور ادارے اپنے اپنے گناہ اور غلطیاں تسلیم کریں، آئندہ کیلئے آئین کو اسکی اصل حالت میں بحال کرکے قانون کی حکمرانی تسلیم کی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں