پولیس نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا، ثروت قادری
سونا، موبائل فونز لے گئے ، ہمیشہ دہشتگردی کی مذمت کی ، چھاپہ مار ٹیم کو پکڑا جائے دکھایا گیا اسلحہ قانونی،ڈرنے والے نہیں ،پورے ملک میں احتجاج ہوگا،بلال قادری
کراچی (سٹاف رپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ قادری ہاؤس پر چھاپہ مارنے کیلئے آنے والی پولیس پارٹی نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔قادری ہاؤس کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا قادری ہاؤس پر چھاپہ مارنے آنے والی پولیس پارٹی کے ہمراہ خواتین اہلکار موجود نہیں تھیں،ہم نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے ،ہمارا مطالبہ ہے چھاپہ مار کارروائی میں ملوث پوری ٹیم کو گرفتار کیا جائے ، اگر مطالبہ نہ مانا گیا تو پورے ملک میں احتجاج ریکارڈ کرایا جائیگا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ چھاپے کے دوران پولیس والے گھر سے سونا اور موبائل فونز اپنے ہمراہ لے گئے ۔ رہنما سنی تحریک بلال سلیم قادری کا کہنا تھا کہ ہمارے 15 سے زائد لوگوں کو حراست میں لیا گیا ،جس کی مذمت کرتے ہیں، ٹی وی چینلز پر دکھایا جانے والا اسلحہ لائسنس یافتہ ہے ، ہم محب وطن لوگ ہیں ، ہم احتجاج کرینگے اور پورے ملک میں احتجاج ہوگا۔