دھندکا راج، پھولنگر میں متعدد گاڑیوں کی ٹکر، 4 افراد زخمی

 دھندکا راج، پھولنگر میں متعدد گاڑیوں کی ٹکر، 4 افراد زخمی

لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 7ڈگری سینٹی گریڈ،زیادہ سے زیادہ 22 ریکارڈ 20 دسمبر تک شہر میں بارش کا امکان نہیں :محکمہ موسمیات، موٹروے عارضی بند

لاہور،قصور(مانیٹرنگ ڈیسک ،نمائندہ دنیا) لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک سرد موسم اور دھند کا سلسلہ جاری ، شدید دھند کے دوران پھولنگر میں متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، 4افراد زخمی ہو گئے ، دوسری طرف دھند کے باعث موٹرویز کو مختلف اوقات میں ٹریفک کیلئے کئی مقامات سے بند کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت کئی شہروں میں خشک سرد موسم کے ساتھ دھند چھانے کا سلسلہ جاری ہے ، خشک موسم کے باعث لوگ نزلہ، زکام، کھانسی اور بخار جیسی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں ۔گزشتہ روز لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 22 ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق 20 دسمبر تک شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ، موسم خشک رہے گا۔

ادھر پھولنگر کے نواح جمبر پل پر بھوسے سے لوڈ ٹرالی فٹ پاتھ پر چڑھنے کی وجہ سے بیک ٹو بیک گاڑیاں ٹکرا رہی ہیں جس کے نتیجے میں 3 گاڑیوں میں سوار 4 افراد21سالہ اسامہ ، 50سالہ محمد طفیل ، 20سالہ حسنین وارث اور 37سالہ نسرین اختر زخمی ہوگئے ، ریسکیو عملہ نے زخمیوں کو ٹراما سنٹر منتقل کر دیا ۔دوسری طرف موٹروے پولیس نے دھند کے باعث موٹر وے ایم 3 درخانہ سے رجانہ تک، جڑانوالہ سے درخانہ تک، موٹر وے ایم 4 گوجرہ سے ملتان تک اور موٹر وے ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک عارضی طور پر بند رہی ۔ موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ دھند میں صبح 10 تا شام 6 تک محفوظ سفری اوقات ہیں۔قومی شاہراہ پر کسوال ، چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان ، لودھراں اور بہاولپور میں بھی دھند چھائی رہی اور حدِ نگاہ 100 میٹر تک رہا ۔موٹر وے پولیس ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ روڈ یوزرز لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں