معاشی بحران سے آئی ایم ایف نہیں کراچی نکال سکتا:مصطفی کمال

معاشی بحران سے آئی ایم ایف نہیں کراچی نکال سکتا:مصطفی کمال

ہمارا پانی چوری کر کے ہمیں ہی بیچا جا رہا جس میں بڑے لوگ ملوث ہیں

کراچی(آئی این پی)وفاقی وزیرِ صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ میرے دور میں کراچی دنیا کے 12 تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں سے ایک تھا، آج کراچی رہنے کے قابل نہیں رہا ، آئی ایم ایف معاشی بدحالی کی دلدل سے نہیں نکال سکتا، کراچی نکال سکتا ہے۔ دودھ دینے والی گائے کو چارہ تو کھلاؤ، ہمارا پانی چوری کر کے ہمیں ہی فروخت کیا جا رہا ہے جس میں بڑے لوگ ملوث ہیں، کراچی میں پانی کی قلت ہے تو ٹینکر مافیا کیا افغانستان سے پانی بھر کر لاتا ہے ؟۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیرِ صحت نے مزید کہا کہ پاکستان کی دو آپریشنل بندرگاہیں کراچی میں ہیں، جو ایشیا کا دروازہ ہیں لیکن کراچی میں 90 فیصد آبادی پانی خریدنے پر مجبور ہے ،نلکوں میں پانی نہیں تو واٹر ٹینکر مافیا کیا افغانستان سے پانی لارہا ہے ؟ ، کراچی کو ٹھیک کرنے کا سبھی کہتے ہیں، لیکن کب کرنا ہے ، یہ کوئی نہیں بتاتا۔انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے کے متعدد مسائل تھے جن میں سے کئی حل کر لئے گئے ، ماضی میں بطور میئر 5 سال میں نے 30 ہزار کروڑ روپے کے ترقیاتی کام کروائے ، کوئی ایک روپے کی کرپشن ثابت کرکے دکھا دے ، مجھے 15 سال ہوگئے اس عہدے کو چھوڑے ، اپنے بچوں کو ایک نوالہ حرام کا نہیں کھلایا،میرے دور میں اٹھارہ ٹاؤن تھے ، کیا ایک شادی ہال ہر ٹاؤن میں نہیں بنا سکتا تھا؟ کیا ہر ٹاؤن میں ایک پٹرول پمپ بنانا میرے لیے مشکل تھا؟ ہمارے ڈی این اے میں صرف اور صرف کام ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں