لاہور ہائیکورٹ: رواں سال زیر التوا کیسز میں 40 ہزار کی نمایاں کمی ریکارڈ
چیف جسٹس کے انقلابی اقدامات سے سائلین کے ادارہ پر اعتماد میں اضافہ،انٹیگریٹڈ کریمینل جسٹس سسٹم کا آغاز ہوا پرنسپل سیٹ سمیت چاروں بینچز میں ججز نے ایک لاکھ66ہزار643کیسز کے فیصلے سنائے 2025ء پنجاب کی عدلیہ کا بہترین سال :احسن بھون، فرخ چیمہ،نصیر کمبوہ ودیگر کا چیف جسٹس کو خراج تحسین
لاہور(محمد اشفاق سے ) سال 2025 ء میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم کے انقلابی اقدامات ،انفراسٹرکچر کی فراہمی و دیگر اقدامات سے ادارہ پر سائلین کے اعتماد میں اضافہ ہوا ،عدلیہ میں اصلاحات اور تاریخی اقدامات سے رواں سال ایک لاکھ 66ہزار 643 کیسز نمٹادئیے گئے ،جس کے باعث زیر التوا کیسز میں سے 40ہزار کیسز ریکارڈ کم ہوئے ۔تفصیلات کے مطابق جسٹس مس عالیہ نیلم سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے سال 2025میں تاریخی اقدامات اٹھائے ۔ چیف جسٹس کے حکم پر کیس منیجمنٹ سسٹم میں جدید ٹیکنالوجی سے تبدیلیاں لائی گئیں جس سے مقدمات کو بروقت نمٹانے میں مدد ملی،صوبائی جسٹس کمیٹی کے تحت انٹیگریٹڈ کریمینل جسٹس سسٹم کا آغاز کیا گیا ،جس کے تحت ایف آئی آر سے لیکر مقدمہ کے فیصلے تک مکمل ریکارڈ کا انٹیگریٹڈ کریمینل جسٹس سسٹم فعال کیا گیا جبکہ نئے نظام کے تحت ڈیجیٹل فائل ٹریکنگ سسٹم،کمپیوٹرائزڈ موومنٹ انڈیکس اور کاپی پٹیشن ٹریکنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ۔کاپی برانچ کی کارکردگی بہتر بنا کر وکلاء اور سائلین کو بروقت مصدقہ نقول کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے ۔
خواتین وکلا کیلئے الگ لیڈی با ررومز اور جوڈیشل کمپلیکس تعمیر کئے گئے ،لاہور میں جوڈیشل ٹاور کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا جب کہ سائلین کی شکایات کے ازالہ کیلئے پنجاب کی ماتحت عدالتوں میں شکایات بکس نصب کئے گئے ۔چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کی پالیسیز کے نفاذ سے سال 2025میں گزشتہ سالوں کی نسبت ریکارڈ زیادہ کیسز نمٹائے گئے ۔ اعداد و شمار کے مطابق سال کے آغاز میں ز یر التوا کیسز کی تعداد 1لاکھ 98ہزار 5 تھی جبکہ1لاکھ34ہزار490نئے کیسز دائر ہوئے ۔ لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ سمیت چاروں بینچز میں ججز نے ایک لاکھ66ہزار643 کیسز کے فیصلے سنائے اور اس وقت ایک لاکھ 69ہزار 37کیسز زیر التوا ہیں ۔یعنی سال 2025میں زیر التوا کیسز میں 40ہزار کیسز کی ریکارڈ کمی آئی ہے ۔ اس حوالے سے سینئر قانون دان احسن بھون کا کہنا ہے کہ سال 2025 پنجاب کی عدلیہ کا بہترین سال ہے ،چیف جسٹس کے ویژن سے زیر التوا کیسز میں کمی آئی اور یہ خوش آئند بات ہے ۔ سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار فرخ الیاس چیمہ نے کہا کہ چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے حقیقی معنوں میں سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی ۔قانونی ماہر نصیر کمبوہ نے کہا کہ عملی اقدامات اٹھا نے پر ہم چیف جسٹس کے مشکور ہیں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔