434 اسسٹنٹ پروفیسرزکو ایسوسی ایٹ پروفیسر بنانے کی سفارش
سلیکشن بورڈ کے اجلاس میں 220 خواتین ، 273 مرد اساتذہ کے کیسز پر غورکیا گیا 33 خواتین ، 26 مرد اسسٹنٹ پروفیسرز کے کیسز ڈیفر ،دوبارہ پیش کئے جائیں گے
لاہور(خبر نگار)ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب میں اسسٹنٹ پروفیسرز کی ترقی کے کیسز پر غور،187 خواتین اور 247مرد اساتذہ کو ایسوسی ایٹ پروفیسر بنانے کی سفارش، 33 خواتین اور 26 مرد اسسٹنٹ پروفیسرز کے کیسز ڈیفر کرد ئیے گئے۔ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے خواتین ونگ کی 220 اسسٹنٹ پروفیسرز کے ترقی کے کیسز پی ایس بی ٹو (پراونشل سلیکشن بورڈ-II)کے اجلاس میں زیر غور آئے ، 187 خواتین اسسٹنٹ پروفیسرز کو ترقی دے کر ایسوسی ایٹ پروفیسر بنانے کی سفارش کی گئی جبکہ 33 کیسز ڈیفر کر دئیے گئے ۔ پروپوزلز کی منظوری کے بعد پوسٹنگ آرڈرز جاری کئے جائیں گے ۔علاوہ ازیں 273 مرد اسسٹنٹ پروفیسرز کے کیسز بھی پی ایس بی ٹو میں پیش کئے گئے ، جن میں سے 247 کو ترقی کا اہل قرار دیا گیا ، 26 کیسز ڈیفر کر دئیے گئے ۔ ڈیفر کیسز خامیاں دور کرنے کے بعد آئندہ اجلاس میں دوبارہ پیش کئے جائیں گے ۔ پروپوزلز کی منظوری کے بعد محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے پوسٹنگ آرڈرز جاری کر دئیے جائیں گے ۔