چین کا پورٹ قاسم میں 1 تا 2 ارب میگا منصوبہ لگانے پر غور

چین کا پورٹ قاسم میں 1 تا 2 ارب میگا منصوبہ لگانے پر غور

چینی وفد کی وزیر بحری امور سے ملاقات ، انڈسٹریل کمپلیکس کے قیام پر گفتگو صنعتی اہداف سے ہم آہنگ منصوبے کیلئے جامع تجویز جمع کرائیں، جنید انوار

اسلام آباد (این این آئی)چینی کمپنی شینڈونگ ڑِنکسو گروپ کے پانچ رکنی وفد نے وفاقی وزیرِ بحری امور محمد جنید انوار چودھری سے ملاقات کی جس میں پورٹ قاسم پر مجوزہ کئی ارب یورو مالیت کے انٹیگریٹڈ میری ٹائم انڈسٹریل کمپلیکس (آئی ایم آئی سی) کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کی قیادت کمپنی کے چیئرمین ہو جین شِن کر رہے تھے ۔ ملاقات میں ایک سے دو ارب یورو لاگت کے اس میگا منصوبے کی ابتدائی تفصیلات پیش کی گئیں۔

بتایا گیا کہ مجوزہ آئی ایم آئی سی منصوبہ تین بڑے حصوں پر مشتمل ہوگا، ان میں آئرن اور کوئلہ برتھ جیٹی ( سٹیل جیٹی) کی بحالی، جہاز سازی اور جہاز توڑنے کی جدید سہولیات کا قیام اور بندرگاہی آپریشنز سے منسلک ایک سٹیل مل شامل ہے ۔ وفاقی وزیر نے وفد کو کہا کہ وہ منصوبے کے لیے جامع تجویز جمع کرائیں جس میں واضح روڈمیپ، بنیادی خاکہ، قابل عمل حکمتِ عملی اور تکنیکی، مالی و ماحولیاتی پہلوؤں پر مبنی فزیبلٹی سٹڈیز شامل ہو۔ وفاقی وزیر نے کہا منصوبہ روزگار کے مواقع، ویلیو ایڈیشن اور ماحولیاتی طور پر ذمہ دارانہ ترقی سمیت پاکستان کے پائیدار صنعتی اہداف سے ہم آہنگ ہو۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں