زرداری بغداد پہنچ گئے ، صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں
صدر کا عبداللطیف جمال ، شیعہ السوڈانی سے اہم امور پر تبادلہ خیال
بغداد،اسلام آباد (آئی این پی،مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری سرکاری دورے پر عراق پہنچ گئے ، انہوں نے بغداد میں عراقی ہم منصب عبداللطیف جمال ، نگران وزیراعظم محمد شیعہ السوڈانی سے الگ الگ ملاقات کی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کے بغداد صدارتی محل پہنچنے پر ان کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ،بعدازاں صدر مملکت نے عراقی ہم منصب عبداللطیف جمال راشد سے ون آن ون ملاقات کی جبکہ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے ۔دونوں ممالک کے صدور کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون، علاقائی صورتحال اور اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر آصف زرداری کی عراقی نگران وزیراعظم محمد شیعہ السوڈانی سے بھی ملاقات ہوئی۔ملاقاتوں میں تعلقات کے فروغ کیلئے اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں کو برقرار رکھنے پر بھی اتفاق ہوا ۔اس موقع پر صدر مملکت نے عراق کی خودمختاری، علاقائی سلامتی اور قومی وحدت کیلئے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے مہمان نوازی پرعراقی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور عراقی عوام کو پارلیمانی انتخابی عمل کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی ۔صدر مملکت نے کہا کہ عراقی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں ،دونوں ممالک کو اقتصادی تعاون اور تجارتی حجم بڑھانے پر توجہ دینا ہوگی۔