بھارت افواج پاکستان کا سکھایا سبق ہمیشہ یادرکھے گا:وزیراعظم

بھارت افواج پاکستان کا سکھایا سبق ہمیشہ یادرکھے گا:وزیراعظم

آزادکشمیر میں دانش یونیورسٹی بنانے ،ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے اجرا کا اعلان قومی انرجی پلان پر وزارتوں اور صوبوں کی مشاورت سے کام کرنے کی منظوری

اسلام آباد ،مظفر آباد (نامہ نگار) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کی جرات و دلیری اور عوامی جوش و جذبے نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا جو اسے ہمیشہ یاد رہے گا، وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت سے آزادی حاصل کریں گے ۔وزیراعظم نے یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر مظفر آباد میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم پر یہ کہہ کر تنقید کی گئی کہ یہ رشوت ہے لیکن یہ ثابت ہو گیا کہ یہ رشوت نہیں بلکہ نوجوانوں کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کا ذریعہ ہے ۔ وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں دانش یونیورسٹی قائم کرنے اورپاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کا اجرا کرنے کا بھی اعلان کیا اورکہاکہ 4دانش سکول بنانے کی منظور ی پہلے ہی دی جاچکی ہے ۔ قبل ازیں نجی شعبہ کے ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ ملک میں کاروبار بڑھانے اور معاشی ترقی کیلئے ہماری بندرگاہوں کا انتہائی اہم کردار ہے ، بندرگاہوں میں پڑے متروکہ کارگو کی نیلامی کیلئے ایک شفاف نظام لایا جائے ۔

دریں اثنا توانائی پر کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی سفارشات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے جامع قومی انرجی پلان کی تشکیل پر متعلقہ وزارتوں اور صوبوں کی مشاورت سے کام کرنے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے جامع قومی انرجی پلان کے لئے علیحدہ سیکرٹریٹ کے قیام کی ہدایت کر دی ۔ اجلاس میں ویلنگ چارجز کی نیلامی کیلئے فریم ورک گائیڈ لائنز کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نجکاری کیلئے کوششیں کرنیوالے وزرا اور افسروں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ 75 فیصد شیئرز کی نجکاری کے بعد پی آئی اے ایک نئی اڑان بھرے گی اور اس کی عظمت رفتہ بحال ہوگی۔ان کاکہناتھاکہ سچے دل سے قوم کی خدمت کرنے والے قوم کے سروں کا تاج ہیں، خسارے میں چلنے والے اداروں کی شفاف طریقے سے نجکاری کی جائے تاکہ قوم کے خون پسینے کا پیسہ ترقی اور خوشحالی پر خرچ ہو۔وزیراعظم نے چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی کو سٹار بیٹسمین قرار دیتے ہوئے ان کی محنت اور خدمات کے اعتراف میں انہیں 23 مارچ کو اعزاز سے نوازنے کا اعلان کیا۔تقریب میں پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو بہترین طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کرنے والی حکومتی ٹیم کے ممبران کو ایوارڈز بھی دئیے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں