لاہور رنگ روڈ پر ٹول ٹیکس میں 16.67 فیصد اضافہ
لاہور(آئی این پی)لاہور رنگ روڈ اتھارٹی نے شہریوں پر مزید مالی بوجھ ڈالتے ہوئے ناردرن اور سدرن لوپس کے ساتھ ساتھ ایسٹرن بائی پاس پر ٹول ٹیکس میں 16 اعشاریہ 67 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا، نئی ٹول شرحیں رواں ہفتے کے آغاز سے نافذ العمل ہو چکی ہیں۔
نئی شرحوں کے تحت کاروں اور جیپوں کیلئے ٹول ٹیکس 60 روپے سے بڑھا کر 70 روپے کر دیا گیا ہے ، جبکہ ہائی ایس اور ویگن مالکان کو اب 120 کے بجائے 140 روپے ادا کرنا ہوں گے ۔ منی بسوں اور کوسٹرزکیلئے بھی ٹول ٹیکس 120 سے بڑھا کر 140 روپے مقرر کر دیا گیا ۔بسوں کے ٹول ٹیکس میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے ، جو اب 300 روپے سے بڑھ کر 350 روپے ہو گیا ہے ۔ دو سے تین ایکسل والی لوڈر ٹرک، ڈمپرز اور پک اپس کے لیے ٹول 360 روپے سے بڑھا کر 420 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ تین سے زائد ایکسل والے ٹرکوں اور ٹریلرز کو اب 600 کے بجائے 700 روپے ٹول ادا کرنا ہوگا۔ ا تھارٹی نے واضح کیا ہے کہ بعض گاڑیاں ٹول ٹیکس سے مستثنٰی ہوں گی، ان میں ایمبولینسز، دفاعی گاڑیاں، فائر فائٹنگ وہیکلز، جنازہ گاڑیاں، پولیس گاڑیاں، فلیگ کارز اور ضروری خدمات کیلئے استعمال ہونے والی گاڑیاں شامل ہیں۔ ایوانِ صدر، وزیراعظم سیکرٹریٹ، گورنر ہاؤس، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ اور پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے غیر ملکی معززین کی گاڑیاں بھی ٹول سے مستثنٰی قرار دی گئی ہیں۔