اسلام آباد:تاجروں کا پوائنٹ آف سیل ڈیوائسز کیخلاف احتجاج
ریڈ زون کی طرف مارچ، پوائنٹ آف سیل سسٹم سے مشکلات پیش آئینگی:مظاہرین چھوٹے دکانداروں کو بھاری جرمانے قبول نہیں،حکومت فیصلہ واپس لے :اجمل بلوچ
اسلام آباد(دنیا نیوز)آل پاکستان انجمن تاجران کی کال پر تاجروں نے آبپارہ چوک میں پوائنٹ آف سیل ڈیوائسز لگانے کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے ریڈ زون کی طرف مارچ کیا اورسسٹم کے خلاف نعرے بازی کی،آبپارہ چوک میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ، پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی،صدرآل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پوائنٹ آف سیل ڈیوائسز لگانے کا فیصلہ واپس لے ،ملکی معیشت اس وقت شدید بحران سے دوچار ہے ،انہوں نے کہاکہ حکومت نے آج ہمارا راستہ روکا ہے ،ہم پورے ملک کے راستے روک سکتے ہیں،پوائنٹ آف سیل ڈیوائس کی خلاف ورزی پر چھوٹے دکانداروں پر بھاری جرمانے لگانے کا فیصلہ قبول نہیں،ملک اس وقت کرپشن کی لپیٹ میں ہے ۔اسلام آباد اور راولپنڈی کے تاجرمظاہرین نے اس موقع پر کہاکہ پوائنٹ آف سیل سسٹم سے شدید مشکلات پیش آئیں گی۔