فاصلے کم کرنے کیلئے قومی مفاہمت کی قیادت کو تیار ہوں :صدر

فاصلے کم کرنے کیلئے قومی مفاہمت کی قیادت کو تیار ہوں :صدر

معاشی اعشاریوں میں بہتری درست سمت کی عکاس ، وزیر اعظم ، سال نو پر پیغام

اسلام آباد (نامہ نگار ،سٹاف رپورٹر)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سال نو 2026 کے موقع پر پیغام میں کہا ہم سال 2026 اور رواں صدی کی دوسری چوتھائی میں داخل ہورہے ہیں، میں پاکستان کے عوام، بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور عالمی برادری کو دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا پیغام دیتا ہوں۔ وفاق کی وحدت کی علامت کے طور پر، میں قومی مفاہمت اور مصالحت کے عمل کی قیادت کے لیے تیار ہوں تاکہ فاصلے کم کئے جائیں انفرادی نئے سال کے عہد سے آگے بڑھتے ہوئے ہمیں اجتماعی طور پر پاکستان کے مشترکہ مستقبل کے نگہبان ہونے کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں کی تجدید کرنا ہوگی۔ہم ایسے دور میں زندگی گزار رہے ہیں جو جنگوں اور تنازعات، پراکسی جنگوں، غلط معلومات کے پھیلاؤ اور شدید سماجی تقسیم سے عبارت ہے ۔ پاکستان ان چیلنجز سے محفوظ نہیں لیکن ہم بے بس بھی نہیں ہیں۔ ہمیں ہر قسم کی انتہاپسندی کو مسترد کرنا ہوگا ۔ کوئی بھی سیاسی مقصد دشمن قوتوں کے ہاتھوں استعمال نہیں ہونا چاہیے جو پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانا یا دہشت گردی کی سرپرستی کرنے کے درپے ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سال نو پر جاری اپنے پیغام میں کہاہے کہ تمام اہلیان وطن کو نئے سال کی خوشیاں مبارک ہوں۔اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہیں کہ نئے سال کا سورج خوشیوں ،خوشحالی اور اللہ کے فضل و کرم لئے طلوع ہو۔انہوں نے کہا حکومت ملک کی معاشی خوشحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور حالیہ معاشی اعشاریوں میں بہتری حکومت کی درست اور مثبت سمت کی عکاس ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں