2025ماضی میں گم، 2026امیدوں کیساتھ جلوہ گر
لبرٹی میں شاندارآتشبازی،سڈنی میں بونڈائی حملہ متاثرین کیلئے 1منٹ خاموشی سینکڑوں ون ویلر، فائرنگ کرنیوالے گرفتار، کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی
لاہور ،کراچی(سٹاف رپورٹر ،کرائم رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)سال 2025 تلخ و شیریں یادوں کے ساتھ ماضی میں گم ، 2026امن ، خوشحالی کی امیدوں کے ساتھ جلوہ گر ہوگیا، 12 بجتے ہی سال نو کا جشن، آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔دنیا میں نئے سال کا آغاز نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ سے ہوا، سکائی ٹاور پر شاندار آتش بازی کی گئی،پھر سڈنی میں نئے سال کا جشن منایا گیا، سال نو کے استقبال سے پہلے سڈنی ہاربر پر بونڈائی حملہ متاثرین کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر لاہور کے لبرٹی چوک میں پہلی بار آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔مریم نواز نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو لبرٹی مارکیٹ پر آتش بازی کی ذمہ داری سونپی تھی۔
آتش بازی کا رات 7 بجے سے کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوا اورپہلے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی تھیں،یہ اپنی نوعیت کی سب سے خوبصورت اور بھرپور آتش بازی کی تقریب تھی۔شہریوں کیلئے اورخاص طور پر فیمیلیز کو آتش بازی سے محظوظ کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ۔ادھر لاہور سٹی ڈویژن نے نیو ایئر نائٹ کو محفوظ بنانے کیلئے اہم مقامات اور شاہراہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی،ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے اہم شاہراہوں پر ناکہ بندی کی گئی،اس دوران 320 ون ویلرز کو گرفتار کیا گیاجبکہ ہوائی فائرنگ، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش کرنے والے 1980 ملزمان کو حوالات پہنچایا گیا۔نئے سال پر کراچی میں 2 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی جس کے تحت اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ، پٹاخوں اورڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔کراچی میں ہوائی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ 3افراد کوگرفتارکرلیا گیا۔